ہندوستان کے 10 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جانے کی توقع - صدر جمہوریہ پرنب مکرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-15

ہندوستان کے 10 ٹریلین ڈالر کی معیشت بن جانے کی توقع - صدر جمہوریہ پرنب مکرجی

نئی دہلی
یو این آئی
یہ کہتے ہوئے کہ وقت بہت بڑا موقع ہے صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج ہندوستان کو آئندہ دو دہوں میں10ٹریلین ڈالر کی معاشی قوت بنانا ہوگا۔ ہندوستان کے لئے یہ مواقعوں کا وقت ہے۔ صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے 35ویں انڈیا انٹر نیشنل ٹریڈ فیر2015ء کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی ناکامی پر بیرونی شعبہ کو تشویش کا مسئلہ نہیں بنانا چاہئے ۔ مکرجی نے کہا کہ اس نمائش کا مقصد جہاں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک دوسرے کی مصنوعات اور ان کے معیار سے عوام کو واقف کرانا ہے وہیں اس نمائش کے ذریعہ بیرونی ممالک سے ہندوستان کے تعلقات کو فروغ دینا ہے ۔ مکرجی نے کہا کہ1980ء کی دہائی میں جب وہ ملک کے وزیر تجارت تھے ، اس وقت سے ہی اس کا آغاز کیا گیا تھا اور آج اس نمائش کی پوری دنیا میں شہرت ہے اور ملک و بیرون ملک کی تجارتی و صنعتی کمپنیاں بڑی تعداد میں اس میں شرکت کرتی ہیں ۔ جنوبی ایشیا ، افغانستان اور بنگلہ دیش سے ہندوستان کے خوشگوار تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا سے ہندوستان کے تجارتی ، باہمی مفادات پر مبنی تعلقات ہیں ۔ اسی طرح بنگلہ دیش ہندوستان کا اچھا پڑوسی ہونے کے ساتھ ساتھ سارک ممالک کا بانی رکن ہے ۔ جب کہ افغانستان سارک کا آٹھواں رکن ملک ہے جن سے ہندوستان کے گہرے مراسم ہیں ۔ مرکزی وزیر صنعت و تجارت نرملا سیتا رمن نے افتتاحی تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی تجارتی میلے میں غیر ملکی کمپنیوں کی شرکت اور ان کی دلچسپی سے وزیر اعظم نریندر مودی کی ترقی رخی اور تجارت رخی پالیسیوں کو بڑی اہمیت کی نظر سے دیکھا جارہا ہے ۔ اس نمائش میں پہلی بار آن لائن ٹکٹ فروخٹ کئے جانے کا انتظام کیا گیا ہے جس سے صارفین ٹکٹوں کے لئے لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے یا طے شدہ مقامات پر جانے کی بجائے آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں ۔ اس کے علاوہ اس بار بین الاقوامی تجارتی میلے میں پہلی بار بنگلہ دیش اور افغانستان کو نمایاں درجہ دیا گیا ہے جبکہ قومی سطح پر جھار کھنڈ اور مدھیہ پردیش کو نمائش میں نمایاں درجہ دیا گیا ہے ۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر سید معظم علی ، افغان سفیر متعینہ ہندوستان شید ا محمد ابدالی ، جھار کھنڈ کے وزیر نیل کنٹھ سنگھ منڈا اور مدھیہ پردیش کی وزیر یشودھرا راجے نے بھی تقریب کو خطاب کیا ۔ خیال رہے کہ14نومبر سے27نومبر تک جاری رہنے والے اس بین الاقوامی تجارتی میلے میں ملک و بیرون ملک کی تقریبا7ہزار کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔ مصر، سعودی عرب ، پاکستان، تھائی لینڈ ، جرمنی، گوانا ، تبت، یوگانڈا، ویتنام اور کئی افریقی ملکوں سمیت تقریبا28ممالک تجارتی میلے میں شرکت کررہے ہیں ۔

India Can Become $10 Trillion Economy in Over 2 Decades: Pranab Mukherjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں