ہندوستان ایک تکثیری سماج - تمام مذاہب کا مساوی احترام - نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-05

ہندوستان ایک تکثیری سماج - تمام مذاہب کا مساوی احترام - نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری

بالی
پی ٹی آئی
ملک میں عدم رواداری پر جاری بحث کے درمیان نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری نے آج کہا کہ ہندوستان تکثیری سماج ہے اور ایسی دستوری ضمانتیں ہیں جو تنوع اور سیکولر مملکت کو یقینی بناتی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ تمام عقیدوں اور مذاہب کا مساوی احترام کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان وہ ملک ہے جہاں ہندوستانی کلچر کے مختلف پہلوؤں کو پھلنے پھولنے دینے کی ہر کوشش کی جاتی ہے۔ کلچر کو ایک رنگ میں رنگنے کی کوشش نہیں ہوتی ۔ انہوں نے ادائنا یونیورسٹی کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی جہاں انہوں نے مہاتما گاندھی کے نصف مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک تکثیری سماج ہے۔ تکثیریت ایک حقیقت ہے اور ہم یہ یقینی بناتے ہیں کہ ہماری مملکت سیکولر رہے اور تمام عقائد یا مذاہب کا مساوی احترام ہو ۔ انصاری نے جو فی الحال انڈونیشیا کے دورہ پر ہیں ، کہا کہ دستور میں ضمانت دی گئی ہے کہ جو اس کی عملی شکل کو یقینی بناتی ہے۔ اسی لئے ہم اپنے تنوع کو روبہ عمل لاسکتے ہیں ۔ وہ اپنے خطاب کے بعد انٹرایکٹیوسیشن میں سوالات کے جوابات دے رہے تھے ۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ ہندوستان نے اپنی تکثیریت کیسے برقرا ر رکھی۔ تکثیریت کی وضاحت کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ دنیا بھر کے کرنسی نوٹس کے برخلاف جہاں روپے کی قدر ایک یا دو زبانوں میں لکھی جاتی ہے ، ہندوستانی کرنسی نوٹس پر یہ 18زبانوں میں درج ہوتی ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہم اپنی روز مرہ زندگی میں کیسے اسے لاگو کرتے ہیں ۔ طلباء کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ ہندوستان نے سماجی زندگی میں گاندھیائی اقدار کو کیسے لاگو کیا، انصاری نے کہا کہ گاندھیائی تعلیمات ہمارے سماج کے تمام شعبوں میں اہمیت رکھتی ہیں۔ یہ ہمارے دستوری ڈھانچہ میں غیر تحریر کردہ متن ہیں۔ ہم اس کے پابند ہیں ۔ نائب صدر جمہوریہ نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان اور اندونیشیا دونوں تکثیری جمہوریتیں ہیں جہاں کی بڑی آبادی ناجوان ہے ۔ دونوں ممالک کے نوجوانوں کو ایک دوسرے سے جڑنا چاہئے اور ایک خوشحال مستقبل کی تعمیر کرنی چاہئے ۔ اپنے خطاب میں انصاری نے کہا کہ ہندوستان اور بالی تہذیب کا فلسفہ امن و عالمی بھائی چارہ مشترک ہے ۔ انصاری نے ہندوستان اور بالی کے تاریخی رشتوں کا بھی ذکر کیا ۔ تعلیم کو ترقی کی کنجی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی و تحقیقی اداروں کے درمیان اساتذہ ، اسکالرس اور طلباء کا مستقل تبادلہ ضروری ہے ۔ انصاری کے دورہ میں آیوروید کے شعبہ میں بھی ایک معاہدہ پر دستخط ہوئے ۔

نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کی انڈونیشیا سے برونی روانگی مٰں آج ایک دن کی تاخیر ہوئی ہے کیونکہ آتش فشاں سے راکھ نکلنے کے باعث ایر پورٹ کل تک کے لئے بند کردیا گیا ۔ نائب صدر جمہوریہ مقامی وقت1:45بجے جس خصوصی پرواز سے برونی روانہ ہونے والے تھے وہ منسوخ ہوگئی کیونکہ بالی انٹر نیشنل ایر پورٹ بند ہے ۔ کوہ بر جری میں آتش فشاں پھٹ پڑا ہے ، تمام پروازیں کل صبح8:45بجے تک منسوخ کردی گئیں ۔ حامد انصاری کا دورہ برونی ، ہندوستان کے کسی نائب صدر کا پہلا دورہ ہوگا ۔ برونی میں وہاں کے سلطان حسن البلیقہ اور ولیعہد حاجی المبتدی باللہ دونوں سے ملاقات کریں گے ۔

India is a Pluralistic Society, Says Vice President Hamid Ansari in Bali

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں