آئی ایس کے خطرہ کا مقابلہ کرنے ہندوستان پوری طرح چوکس - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-18

آئی ایس کے خطرہ کا مقابلہ کرنے ہندوستان پوری طرح چوکس - راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ پیرس حملوں کے بعد ہندوستان دہشت پسند گروپ اسلامک اسٹیٹ سے لاحق خطرہ سے پوری طرح چوکس ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک تقریب کے وقفوں کے دوران نامہ نگاروں کو بتایا کہ آئی ایس آئی ایس ، کسی مخصوص ملک کے لئے نہیں بلکہ ساری دنیا کے لئے خطرہ ہے، آئی ایس آئی ایس کے خلاف ہندوستان پوری طرح چوکس ہے۔ یاد رہے کہ پیرس میں ریسٹورانوں، اسٹیڈیم ہوٹلوں اور تھیٹر پر جمعہ کی شب کیے گئے حملوں میں129افراد ہلاک ہوئے تھے۔ فرانس کے قومی اسٹیڈیم کے قریب کم از کم دو دھماکے کئے گئے ، جہاں فرانس اور جرمنی کے درمیان دوستانہ فٹ بال میچ کھیلا جارہا تھا اور خود فرانس کے صدر وہاں موجود تھے ۔ ان حملوں کے بعد صدر اولاند نے ایمر جنسی کا اعلان کردیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ملک کی سرحدوں کو بند کررہے ہیں ۔ ہندوستانی سیکوریٹی اداروں نے اطلاع دی ہے کہ فی الحال کم از کم20ہندوستانی عراق اور سیریا میں آئی ایس آئی ایس کے لیے لڑ رہے ہیں ۔ ان میں ممبئی کے مضافاتی علاقہ کلیان کے دو نوجوان ، آسٹریلیا میں مقیم ایک کشمیری ، تلنگانہ کا ایک نوجوان ، کرناٹک کا ایک نوجوان عمان میں مقیم ایک ہندوستانی اور سنگا پور میں مقیم ایک ہندوستانی شامل ہیں۔ گزشتہ سال کلیان کا ایک نوجوان آئی ایس آئی ایس کے ساتھ تقریبا6ماہ گزارنے کے بعد وطن واپس ہوا ۔ ممبئی پہنچنے پر اسے گرفتار کرلیا گیاتھا۔ چھ ہندستانیوں میں جو آئی ایس آئی کے ساتھ مل کر لڑ رہے تھے اور ہلاک ہوگئے ، انڈین مجاہدین کے تین دہشت گرد بشمول سلطان اجمیر شاہ اور بڑا ساجد بھی شامل ہیں ۔ یہ دونوں پاکستان میں قیام کے بعد آئی ایس آئی ایس میں شامل ہوئے تھے ۔ ان کے علاوہ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے دو اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان بھی ہندوستانی مہلوکین میں شامل ہیں ۔ متحدہ عرب امارات نے15ستمبر کو4ہندوستانیوں کو ملک سے نکال باہر کیا تھا جن پر آئی ایس آئی ایس کے ساتھ روابط کاشبہ تھا۔ یو اے ای نے ایک37سالہ خاتون افشاں جبیں عرف نکی جوزف کو بھی واپس بھیج دیا تھا ، جو مبینہ طور پر آئی ایس آئی ایس کے نوجوانوں کو بھرتی کیا کرتی تھی۔ جنوری میں حیدرآباد کے سلطان محی الدین کو اس وقت حیدرآباد ایر پورٹ پر گرفتار کرلیا گیا تھا جب وہ ترکی کے راستہ سیریا جانے دبئی کی ایک پرواز میں سوار ہونے لگا تھا ۔ تا حال17نوجوانوں کو جن میں بیشتر کا تعلق تلنگانہ سے ہے ، بظاہر آئی ایس آئی ایس میں شامل ہونے سیریا کا سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے ۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق حکومت نے سفارتی مشنس پر بالخصوص فرانس، امریکہ، برطانیہ، جرمنی، روس، آسٹریلیا ، ترکی اور اسرائیل کے سفارت خانوں پر سیکوریٹی میں اضافہ کردیا ہے ۔ پیرس میں آئی ایس آئی کے دہشت گرد حملوں کے پیش نظر یہ قدم اٹھایا گیا ہے ۔ وزارت داخلہ نے اپنے ایک مشاورتی بیان میں کہا ہے کہ پیرس میں حالیہ سلسلہ وار دہشت گرد حملوں سے یہ صاف ظاہر ہوتا ہے کہ آئی ایس آئی ایس اب عراق اور سیریا کے بنیادی علاقہ کے باہر دہشت گردی کو توسیع دینا چاہتی ہے ۔ کل شام جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس تناظر میں یہ ضروری ہوجاتا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی روک تھام کے لئے سیکوریٹی اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا جائے ۔

ISIS-led attacks possible in India, precautionary steps being taken: Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں