ٹاملناڈو میں طوفانی بارش سے اموات 108 ہو گئیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-17

ٹاملناڈو میں طوفانی بارش سے اموات 108 ہو گئیں

چینائی
پی ٹی آئی
ٹاملناڈو کے دارالحکومت چینائی اور نواحی علاقوں میں تقریبا30گھنٹے تک مسلسل اور موسلا دھار بارش کے بعد توقع ہے کہ بارش میں کمی آئے گی۔ جب کہ خلیج بنگال پر ہوا کے دباؤ میں کمی میں بہتری آئی ہے۔ ریاست میں گزشتہ10دن سے جاری بارش سے جڑے واقعات میں مرنے والوں کی تعداد108ہوگئی ہے۔ ٹاملناڈو کے مختلف حصوں میں مسلسل کل صبح سے موسلا دھار بارش ہورہی ہے جب کہ گزشتہ24گھنٹوں کے دوران چینائی شہر میں نومبر میں تقریبا40سال کے عرصہ میں ابھی تک ہونے والی دوسری سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سب سے زیادہ 43اموات ضلع کڈلور میں ہوئیں۔ یہ اموات دیوار گرنے، پانی میں بہہ جانے اور بجلی کی زد میں اجانے جیسے واقعات سے ہوئی ۔ اسی دوران چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا نے بارش کی صورتحال کا اعلیٰ سطحی اجلاس میں جائزہ لیا ۔ جیہ للیتا نے عوام سے کہا کہ حکومت نے تمام مناسب احتیاطی اقدامات کئے ہیں۔ اہنوں نے کہا کہ تین ماہ کی بارش جب چند دن میں ہو تو احتیاطی اقدامات کافی نہیں ہوتے اور کچھ نقصان ناگزیر ہوجاتا ہے لیکن جیسے ہی مانسون کی وجہ سے عوام کے مصائب کا علم ہوا، سرکاری مشنری پوری طرح حرکت میں آگئی۔ وزراء اور عہدیداران رات دن صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے پریشان نہ ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ صورتحال جلد بہتر ہوجائے گی۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ شہر میں ایک دن میں25سنٹی میٹر بارش ہوئی ہے اور یہاں ایسی سہولیات کا انتظام نہیں ہے کہ چینائی ایسی طوفانی بارش کا سامنا کرسکے ۔ شہر کے شمالی اور ساحلی علاقوں سے موصول رپورٹس کے مطابق شدید بارش سے وہاں کی عام زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے۔ شہر کے تقریبا20اضلاع میں زبردست بارش کی وجہ سے اسکول اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ کل صبح سے مسلسل ہونے والی اس بارش میں سڑکیں ڈوبی ہوئی ہیں ۔ ہر طرف پانی نے تباہی مچائی ہوئی ہے ۔

Heavy rains in Tamil Nadu claim 108 lives

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں