سری اننت ناگ میں انکاؤنٹر کے خلاف بند چوتھے دن میں داخل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-28

سری اننت ناگ میں انکاؤنٹر کے خلاف بند چوتھے دن میں داخل

سری نگر
پی ٹی آئی، یو این آئی
سیکوریٹی فورسس نے تاریخی جامع مسجد کے باہر نماز جمعہ کے بعد نعرہ بازی کرنیو الے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے شل برسائے ۔ احتجاجی جن میں زیادہ تر نوجوان تھے پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے موافق آزادی نعرے لگارہے تھے ۔ انہوں نے جلوس کی شکل میں نوہٹہ چوک کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تاہم سیکوریٹی فورسس اور ریاستی پولیس کے جوانوں نے انہیں لاٹھی چارج کرکے منتشر کردیا۔ تاہم جب لاٹھی چارج بھی بے اثر ہوگیا تو آنسو گیس کے شل برسائے گئے۔ کئی مقامات پر احتجاجیوں اور سیکوریٹی فورسس کے درمیان تصادم بھی دیکھا گیا ۔ اسی دوران جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بند کی وجہ سے آج چوتھے روز بھی معمولات زندگی ٹھپ رہے ۔ بند کی وجہ سے جنوبی کشمیر کے بیج بہاڑہ علاقہ میں تمام طرح کی دوکانیں اور تجارتی ادارے بند رہے اور سڑکوں سے بھی موٹر گاڑیاں غائب رہیں ۔ بند کی وجہ سے سرکاری دفتروں ، بینکوں اور دیگر اداروں پر بھی اثر پڑا ۔ تعلیمی اداروں میں بھی طلباء کی حاضری بہت کم رہی۔ خیال رہے کہ گزشتہ23نومبر کو بی ایس ایف کی ایک مہم میں حزب المجاہدین کے تین انتہا پسند مارے گئے تھے ۔ اس کے خلاف احتجاج میں علیحدگی پسند حریت کانفرنس نے24نومبر کو بند کا اعلان کیا تھا جو آج بھی جاری رہا ۔ دریں اثناء علیحدگی پسند قائدین سید علی شاہ گیلانی، شبیر شاہ اور دیگر کو کوئی راحت نہیں ملی ہے، انہیں یا تو نظر بند رکھا گیا ہے یا گرفتار کر کے جیلوں میں رکھا گیا ہے ۔ سید علی شاہ گیلانی کو نماز جمعہ کی اجازت بھی نہیں دی گئی ۔

Day 4: Bijbehara continues to shut against militant killings

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں