ہریانہ میں گائے کے اسمگلر کو پولیس نے گولی مار دی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-30

ہریانہ میں گائے کے اسمگلر کو پولیس نے گولی مار دی

کروکشیتر
پی ٹی آئی
ہریانہ پولیس کے ساتھ تصادم میں گائے کا ایک اسمگلر ہلاک اور اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ تھانیسر ٹاؤن میں آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا۔ ایس پی سمردیپ سنگھ نے کہا کہ مہلوک شخص کی شناخت یمنا نگر کے ساکن27سالہ عابد کی حیثیت سے کی گئی ہے جب کہ اس کا ساتھی28سالہ اشرف بھی یمنا نگر کا رہنے والا ہے۔ ایس پی نے کہاکہ پولیس کو آج صبح گائے کی اسمگلنگ کے بارے میں اطلاع ملی ۔ ایک پولیس پارٹی اناج منڈی پہنچی اور اسمگلرس کو روکنے کی کوشش کی ۔ سنگھ کا الزام ہے کہ اسمگلرس نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی اور جوابی فائرنگ میں عابد ہلاک ہوگیا اور اشرف زخمی ہوگیا۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس نے ماضی میں ان دونوں کے خلاف مویشیوں کی اسمگلنگ کے8مقدمات درج کئے تھے۔ اسمگلرس کی فائرنگ میں پولیس کی ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا تاہم کوئی پولیس ملازم زخمی نہیں ہوا ۔ پولیس نے اسمگلروں کے زیر استعمال گاڑی ضبط کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عابد اور اشرف کے ساتھ مزید3افراد تھے جو تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیا ب ہوگئے ۔ ہریانہ کی حکومت نے حال ہی میں ہریانہ گاؤ ونش سندھ رکھشن اور گاؤ سموردھن قانون نافذ کیا جس کے تحت گائے کی خرید و فروخت اور منتقلی پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ سنگھ نے کہا کہ گاڑی کے پچھلے حصہ سے2گائیں اور کئی بیل ضبط کئے گئے ۔ اس کے علاوہ مہلوک کی نعش کے قریب سے ایک دیسی ساختہ ریوالور،4کارتوس اور ایک موبائل فون ضبط کیا گیا ۔ ایس پی کے مطابق اس معاملہ میں آئی پی سی کی دفعہ307، قانون اسلحہ کی دفعہ59,54,25اور گاؤ ونش سن رکھشن اور گاؤ سموردھن قانون2015کی دفعہ13(2)کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے تھانیسر سب ڈیویژنل مجسٹریٹ کو انکاؤنٹر کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ ہریانہ میں نیا قانون نافذ ہونے کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے ۔اسی دوران ایک ملتے جلتے واقعہ میں عمری موضع کے قریب ایک ٹرک الٹ گیا ۔ جس میں14مویشی لے جائے جارہے تھے ۔ ان میں بیشتر گائیں اور بیل تھے ۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب پولیس ٹیم اور گاؤ رکھشک سیوا دل کے کارکنوں ںے منی ٹرک کا پیچھا شروع کیا۔ ایس پی نے کہا کہ اسمگلرس جانوروں اور گاڑی کو چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے ۔

'Cow smuggler' shot dead by Haryana police in encounter

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں