تلنگانہ واٹر گرڈ اسکیم کی ملک بھر میں ستائش - وزیر اعلیٰ کے سی آر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-26

تلنگانہ واٹر گرڈ اسکیم کی ملک بھر میں ستائش - وزیر اعلیٰ کے سی آر

حیدرآباد
اعتماد نیوز
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے واٹر گرڈ اسکیم کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے۔ جو بلی ہلز کے مری چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ سنٹر میں واٹر گرڈ اسکیم کے کاموں پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیاگیا ۔ اس اجلاس میں ریاستی وزراء تارک راما راؤ، ہریش راؤ، ارکان اسمبلی راجیا ۔ یاد گیری ریڈی ، سنیتا ، آرڈبلیو ایس کے انجینئر انچیف سریندر ریڈی ، محکمہ آبپاشی کے انجینئرانچیف مرلی دھر راؤ، جینکو کے سی ایم ڈی پربھاکر راؤ اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے کہا کہ ہر گھر کو نلوں کے ذریعہ پینے کے پانی سربراہ کرنے کے مقصد کے لئے واٹر گرڈ اسکیم شروع کی گئی ۔ اس اسکیم کی ملک بھر میں ستائش کی جارہی ہے ۔ آئندہ انتخابات تک ریاست کے ہر گھر کو نل کے ذریعہ پینے کا پانی سربراہ نہ کرنے پر عوام سے ووٹ نہ مانگنے کا ٹی آر ایس حکومت نے اعلان بھی کیا۔ ایسے میں اس اسکیم کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور یہ اسکیم حکومت کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل بن گئی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سابق میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں کافی تاخیر ہوتی تھی ۔ کئی ایک پراجکٹ شروع کیا جاتا تو دس تا پندرہ سال اس کی تکمیل میں لگ جاتے تھے ۔ سابق کی اس روایت کو ختم کرتے ہوئے جنگی خطوط پر آبپاشی پراجکٹس کو تکمیل کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کے لئے حکومت نے حصول اراضی، ڈیزائن کے کاموں اور ٹنڈر کی طلبی، مالیاتی اجازت جیسے امور میں کافی تبدیلیاں لائی ہیں ۔ جس سے پراجکٹس کی تعمیر میں تیزی لائی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی وار اساس پر پراجکٹ کے کاموں کا متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیاجائے گا۔ پراجکٹ کی تعمیر میں مقامی سطح پر کوئی دشواریاں پیش آرہی ہیں تو اسے دور کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے عہدیاروں کو مشورہ دیا کہ کاموں میں تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لے کر اسے فوری دور کرتے ہوئے کاموں میں تیزی پیدا کریں ۔ انٹیک ویلس کی تعمیر ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر، پائپ لائنس کی تنصیب اور دیگر کاموں کا چیف منسٹر نے آج کے اجلاس میں جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پراجکٹ کی تعمیر کے ساتھ اس کی نگرانی کی ذمہ داری بھی متعلقہ ضلع کے عہدیداروں پر عائد ہوتی ہے ۔ چیف منسٹر نے ریلوے کراسنگ کے پاس پائپ لائن کی تنصیب کی اجازت دینے پر محکمہ ریلوے کے عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلوے ، نیشنل ہائی ویز، آر اینڈ بی، محکمہ برقی وآبپاشی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک علیحدہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے واٹر گرڈ اسکیم کی موثر عمل آوری میں ان کا تعاون حاصل کیاجائے ۔

Centre praises Telangana's water grid scheme

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں