بہار کے نتائج قومی سطح پر اثرانداز ہوں گے - نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-09

بہار کے نتائج قومی سطح پر اثرانداز ہوں گے - نتیش کمار

پٹنہ
پی ٹی آئی
چیف منسٹر نتیشکمار نے آج اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ بہار انتخابات کے نتائج کے قومی سطح پر اثرات مرتب ہوںگے، کہا کہ یہ واضح ہوچکا ہے کہ عوام قومی سطح پر ایک مضبوط متبادل چاہتے ہیں اور انہوں نے سماج میں پھوٹ ڈالنے کی کوششوں کو مسترد کردیا ہے۔ شاندار کامیابی کے بعد پہلی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بہار کے نتائج قومی مزاج کا اظہار ہوتا ہے اور اسے انتخابی سنگ میل سے تعبیر کیا ۔ انہوں نے پر زور انداز میں کہا کہ تلخ مہم کے باوجود وہ کسی کے خلاف دشمنی اختیار نہیں کریں گے اور مثبت ذہن کے ساتھ سبھی کو لے کر کام کریں گے ۔ بہار کی ترقی کے لئے انہوں نے مرکز سے تعاون کی بھی خواہش کی ہے ۔ نتیش نے کہا کہ یہ بہار کے عوام کی اور بہار کی عزت نفس کی کامیابی ہے۔ عوام نے جمہوریت کے لئے عدم رواداری کے خلاف ووٹ دیا ہے ۔ ہم ان کی توقعات پوری کریں گے ۔ جنتادل یو لیڈر نے کہا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کی جانب سے جارحانہ مہم اور رائے دہندوں کو تقسیم کردینے کی کوششوں کے باوجود عوام کا زبردست فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تمام طبقات کے عوام کو کچھ توقعات ہیں۔ وہ اپنے طور پر انہیں پوری کرنے کی تمام تر کوششیں کریں گے ۔ نتیش کمار نے جو تیسری مرتبہ چیف منسٹر بنے ہیں مرکز میں غیر بی جے پی طاقتوں کے درمیان اتحاد کی تجویز پیش کی تاکہ ایک مضبوط اپوزیشن فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے انتخابات ایک قومی تناثر رکھتے ہیں اور ناگزیر ہوگیا ہے کہ ایک مضبوط متبادل فراہم کرنے کے لئے غیر بی جے پی جماعتیں مل جل کر کام کریں ۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور بہار کانگریس کے صدر اشوک چودھری بھی تھے ۔ نتیش کمار نے کہا کہ بہار انتخابات کے قومی اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ ان کی جانب قومی توجہ منعکس ہوگئی تھی ۔ نتائج نے یہ واضح کردیا ہے کہ عوام قومی سطح پر ایک مستحکم اپوزیشن اور مضبوط متبادل کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے عظیم اتحاد کی کامیابی کو عظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس کی توقع رکھتے تھے ۔ اتنی بڑی کامیابی اس وقت تک ممکن نہیں تھی جب تک کہ سماج کے تمام طبقات کی تائید حاصل نہ ہو ۔ نئی حکومت کی تشکیل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کی مقننہ پارٹیوں کا علیحدہ علیحدہ اجلاس ہوگا اور یہ سب مل کر بیٹھیں گے ۔ نئی حکومت کی ترجیحات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد نے اپنے مشترکہ منشور میں پہلے ہی اس کا اعلان کردیا ہے ۔ انہوں نے جامع ترقی کے اپنے تصو ر پر زور دیا ۔ نتیش نے کہا کہ یہ بہار کے عوام کی کامیابی ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ مرکز سے ان کی حکومت کو تعاون ملے گا۔ لالو پرساد یادو نے کہا کہ بہار کے انتخابات کے دور رس نتائج ہوں گے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ قندیل( آر جے ڈی کا انتخابی نشان) لے کو پورے ملک میں پھریں گے اور دیکھیں گے بی جے پی قائدین کی جانب سے جن دیہاتوں کو ترقی کے لئے اپنایا گیا وہاں کیا کام ہوا ہے ۔ انہوں نے عدم رواداری کی بحث اور صدر امریکہ بارک اوباما کے مذہبی رواداری کی اہمیت پر مودی کو دئیے گئے مشورہ کو بھی یاد دلایا اور کہا کہ بارک اوباما کو جمہوریہ پریڈ میں مدعو کیا گیا تھا ، وہ حکومت کے مہمان رہے لیکن واپسی کے وقت انہوں نے ریمارک کیا کہ سماج کو ذات پات اور رنگ و نسل کے نام پر تقسیم نہیں کرنا چاہئے ۔ ہندوستان کو متحد رہنا چاہئے ۔ انہوں نے امریکہ واپسی کے بعد بھی حکومت کو یاد دلایا کہ گاندھی جی زندہ ہوتے تو ایسی چیزون کو پسند نہیں کرتے۔ لالو پرساد نے کہا کہ ہم اپنی لڑائی جاری رکھیں گے ۔ مودی حکومت بلکہ آر ایس ایس حکوم گرادی جائے گی ۔ وہ لالٹین لے کر وارانسی بھی جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ہمارے درمیان پھوٹ کے بیج بونا چاہتا ہے تو ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے ۔ آر جے ڈی سربراہ نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ ہم اگلے10جنموں میں بھی پھوٹ کا شکار ہونے والے ہیں۔ ملک گیر تحریک کے بارے میں پرساد نے کہا کہ وہ کسانوں ، مزدوروں اور دبے کچلے طبقات کو ساتھ لے کر نکلیں گے تاکہ فرقہ پرست مودی حکومت کو اکھاڑ پھینکا جائے ۔ ان کا بہار کے باہر بھی پیچھا کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کی حکومت بہار کی تیز رفتار ترقی کے لئے کام کرے گی اور اسے معاشی ترقی میں قومی نقشے پر لائے گی۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے جنتادل یو لیڈر نتیش کمار سے آج فون پر ربط پید اکرتے ہوئے بہار اسمبلی انتخابات میں کامیابی پر انہیں مبارکبا دی۔ مودی نے ٹویٹ کے ذریعہ کہا کہ انہوں نے شری نتیش کمار کو فون کیا اور کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ اس کے فوری بعد کمار نے ٹویٹ کیا کہ ابھی انہوں نے وزیر اعظم سے فون کال وصول کی جس میں انہوں نے مجھے مبارکباد دی ہے اس کے لئے مودی جی کا شکر گزار ہوں ۔

Bihar poll to have national implications, says Nitish Kumar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں