دالوں کی ذخیرہ اندوزی - آندھرا پردیش کے دس اضلاع میں چھاپے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-29

دالوں کی ذخیرہ اندوزی - آندھرا پردیش کے دس اضلاع میں چھاپے

آسمان سے باتیں کرتی دالوں کی قیمتوں میں کمی کے لئے حکومت آندھرا پردیش کی جانب سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ محکمہ سول سپلائز کی جانب سے خصوصی مراکز کے ذریعہ تور دال فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ راشن کارڈرکھنے دالوں کو فی الحال50روپے فی کلو کے حساب سے تور دال دی جارہی ہے ۔ محکمہ سول سپلائز نے غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی دالوں پر توجہ مرکو زکردی ہے ۔ اسی کے حصول کے طور پر ریاست کے تقریبا دس اضلاع میں چھاپے مارتے ہوئے ویجلنس کے افسروں نے دالوں کی ذخیرہ اندوزی کا پتہ چلایا ۔ گنٹور کے چلکالوری پیٹ میں ویجلینس اینڈ انفورسمنٹ کی ٹیموں نے چھاپے مارتے ہوئے37لاکھ روپے مالیت کی تور دال اور دوسری دالوں کو ضبط کیا۔ افسروں نے مل کے مالک کے خلاف معاملہ درج کرلیا ۔ وشاکھا پٹنم میں ویجلینس سول سپلائز ریونیو اور دیگر محکمہ جات کے افسروں کی خصوصی ٹیموں نے چھاپہ مارتے ہوئے ایک کروڑ90لاکھ روپے مالیت کی دالوں اور دیگر مغزیات کے ذخیرہ کا پتہ چلایا ۔ یہ چھاپہ کئی گوداموں پر مارا گیا ۔ جس کے بعد ان گوداموں کو سیل کردیا گیا ۔ چھاپے کے دوران ایک کروڑ بیس لاکھ روپے مالیت کی دالوں کو ضبط کیا گیا ۔ نیلور کی دال کی ملوں اور دکانوں پر بھی چھاپے مارے گئے ۔

دریں اثناء حیدرآباد سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب حکومت آندھر اپردیش نے ریاست کے سات اضلاع کے196منڈلو ں کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا ہے ۔ یہ منڈل جاریہ سال ربیع سیزن میں خشک سالی سے دوچار ہوئے ہیں۔ حکومت نے اس سلسلہ میں قائم کردہ کمیٹی کی تجاویز کے علاوہ ڈسٹرکٹ کلکٹرس کی رپورٹ کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد میں670کے منجملہ196منڈلوں کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دینے کا اعلان کیا ہے ۔ ان میں اضلاع سریکا کلم کے دس، پرکاشم کے21، نیلور کے14، چتور کے39، کڑپہ کے33، اننت پور کے39اور کرنول کے چالیس منڈل شامل ہیں ۔ اس سلسلہ میں حکومت نے احکام (جی او) جاری کئے ہیں ۔ خشک سالی سے متاثرہ منڈلوں میں زیادہ تر علاقہ رائلسیما کے منڈل ہیں ۔ اس کے علاوہ ساحلی اے پی کے اضلاع سریکا کولم، پرکاشم اور نیلور کے منڈل بھی شامل ہیں۔وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے ریاست کے صرف196منڈلوں کو خشک سالی سے متاثر قرار دینے کے حکومت کے اعلان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری ریاست سنگین خشک سالی کی لپیٹ میں ہے ۔ ان حالات میں صرف196منڈلوں کو خشک سالی سے متاثر قرار دینا بے معنی اور مضحکہ خیز ہے۔ ریسات کے صرف196منڈلوں کو خشک سالی سے متاثر قرار دینے کا حکومت کا فیصلہ مضحکہ خیز ہے۔ ریاست کے تمام تیرہ اضلاع خشک سالی صورتحال سے دوچار ہیں جہا ں معمول سے کم بارش ہوئی ہے جس کے سبب ان علاقوں میں صرف پچاس فیصد زرعی رقبہ پر کاشت کی گئی ہے ۔

raid in ten districts of Andhra Pradesh pulses stock

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں