فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سے بچانے کی ضرورت - شاہ سلمان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-26

فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سے بچانے کی ضرورت - شاہ سلمان

ریاض
یو این آئی
سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سے بچانے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کی شب امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کے موقع پر کیا ۔ سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے، ایس پی اے، نے بتایا کہ ملاقات کے دوران باہمی اہمیت کے متعدد موضوعات اور علاقہ کے عمومی حالات زیر بحث آئے ۔ اس ضمن میں مسجد اقصیٰ میں پیش آنے حالیہ واقعات اور شام کے حوالے سے تازہ صورتحال بھی گفتگو میں نمایاں رہی ۔ سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر نے میڈیا کو بتایا کہ ریاض میں شاہ سلمان سے ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی جارحیت اور خطے میں کشیدگی کے علاوہ شام کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس دوران امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ شام کے چار سالہ بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے کے دوران شام کی اعتدال پسند اپوزیشن کے تعاون میں اضافہ کرنے سے سعودی عرب اور امریکہ نے اتفاق کیا ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کل شاہ سلمان سے ملاقات کے بعد یہ بات کہی ۔ کیری نے ریاض میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان ،ولی عہد ، نائب ولیعہد اور وزیر خارجہ کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں ۔ قبل ازیں انہوں نے ویانا کا دورہ کیا جہاں اپنے سعودی ترکی اور روس کے ہم منصبوں کے ساتھ شام بحران پر مشاورتیں کیں ۔ محکمہ خارجہ نے سعودی عرب میں کیری کی ملاقاتوں کے بعد ایک بیان میں کہا ، انہوں نے سیاسی حل کی مساعی کو آگے بڑھانے کے دوران اعتدال پسند شامی اپوزیشن کی حمایت کو جاری رکھنے اور اضافہ کرنے کا عہد کیا ہے تاہم یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ کس قسم کی حمایت کی پیشکش کی جائے گی۔

king Salman bin Abdul Aziz said need to provide the Palestinian people with international protection

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں