وزیراعظم مودی سے دروغ گوئی بند کرنے راہل گاندھی کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-27

وزیراعظم مودی سے دروغ گوئی بند کرنے راہل گاندھی کا مطالبہ

بہار میں عظیم اتحاد کی فتح کے بعد ریاستوں سے بی جے پی کا نام و نشان مٹا دینے کا عہد کرتے ہوئے راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کی ۔ انہوں نے وزیر اعظم سے کہا کہ وہ جھوٹ بولنا بند کردیں ۔ انہوں نے ریاست کے بے روزگار نوجوانوں کی کام کی تلاش میں دوسری ریاستوں کی منتقلی کے سلسلہ میں جنتادل یو اور آر جے ڈی پر مودی کی تنقیدوں کو مسترد کردیا۔ وزیر اعظم نے کل بہاری نوجوانوں کی روزگار کی تلاش میں دوسری ریاستوں کو منتقلی کا مسئلہ اٹھایا تھا اور نتیش کمار اور لالو پرساد کو اس کا ذمہد ارقرار دیا تھا ۔ جس کے ایک دن بعد راہول نے کہا کہ مودی جی آتے ہیں اور بڑی بڑی تقریریں کرتے ہیں ۔ آپ ان سے سوال کریں کہ مہاراشٹرا کی بی جے پی حکومت بہاریوں کے ساتھ کیا سلوک کرتی ہے۔ آپ ان سے سوال کریں گے کہ جب وہاں بہاریوں کا پیچھا کیاجاتا ہے اور انہیں مار پیٹ کی جاتی ہے تو وہ کیا کرتے ہیں ۔ مودی نے کل شدید طنز کرتے ہوئے نتیش اور لالو سے سوال کیا تھا کہ بہار کے نوجوانوں کو روزگار کے لئے باہر جانے پر کس نے مجبور کیا ہے؟ مودی نے ریاست کی ترقی کے لئے چھ نکاتی پروگرام شروع کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا۔ راہول گاندھی نے ان کی باتوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نہ صرف بہار بلکہ سارے ملک کے عوام ان کے جھوٹ کو سمجھ گئے ہیں ۔ کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ مودی جی ، لوگ آپ کے جھوٹ کو سمجھنے لگے ہیں ۔ جھوٹ بولنا بند کریں اور اپنا کام کریں ۔ میں جانتا ہوں کہ آر ایس ایس نے آپ کو اس کی ٹریننگ دی ہے۔ یہ آر ایس ایس سے آپ کی ٹریننگ ہے ۔ آپ وزیر اعظم ہیں، ملک کے لئے کام کرنا شروع کریں، جھوٹ بولنا بند کریں ۔ نوجوانوں کو یہ تیقن دیتے ہوئے کہ نتیش کمار کی زیر قیادت عظیم اتحادکی حکومت بہار کے چہرہ کو بدل کر رکھ دے گی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس نے ملک پر حکومت کی ہے اور اس کی حکمرانی سے واقف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہار میں ہم بی جے پی اور آر ایس ایس کو روک دیں گے اور بہار کے بعد ہم تمام ریاستوں سے بی جے پی کو اکھاڑ پھینکیں گے ۔ عظیم اتحاد کے ہاتھ مضبوط کریں ۔ نتیش جی چیف منسٹر بنیں گے ۔ کانگریس حکومت چلانا جانتی ہے۔ گزشتہ دس سال کے دوران ہم نے عوام کی کثیرتعداد کو غربت کے جال سے نکالا ہے ۔ ہم بہار میں بھی ایسا ہی کریں گے اور ریاست کے چہرہ کو بدل دیں گے ۔ یہ شراکت داری ہے ۔ تینوں جماعتیں مل کر ریاست کے چہرہ کو بدل دیں گی ۔ وہ بظاہر این ڈی اے کی ان تنقیدوں کو بے اثر کرنے کی کوشش کررہے تھے کہ عظیم اتحاد کی کامیابی لالو راج واپس لائے گی ، جسے وہ جنگل راج قرار دیتا رہا ہے ۔

Modiji, RSS trained you to tell lies… but stop, you are PM: Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں