وزیر اعظم مودی آج آندھرا دارالحکومت امراوتی کا سنگ بنیاد رکھیں گے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-22

وزیر اعظم مودی آج آندھرا دارالحکومت امراوتی کا سنگ بنیاد رکھیں گے

وجئے واڑہ
آئی اے این ایس، پی ٹی آئی، یو این آئی
ریاست آندھرا پردیش کے نئے صدر مقام کی سنگ بنیاد تقریب کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، شیڈول کے مطابق یہ تقریب22اکتوبر کو مقرر ہے ۔ دسہرہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کل ضلع گنتور کے اوونڈا رایونی پالم کے مقام پر نئے شہر کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس اہم تقریب کے کامیاب و پر امن انصرام کے لئے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ اس تقریب میں سنگا پور اور جاپان کے وزرائ، مختلف ممالک کے سفرا، کئی مرکزی وزیر، چیف منسٹرس، اعلیٰ سیاسی قائدین اور ممتاز تاجر و صنعت کار شرکت کریں گے ۔ پولیس نے سنگ بنیاد کے مقام کا کنٹرول اپنے ذمہ لے لیا ہے ۔ ریاتس بھر سے تقریبا دو لاکھ افرا د کی شرکت متوقع ہے ۔ وزیر اعظم دیگر اعلیٰ قائدین کے ساتھ کل12:35بجے دن سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ ریاست کے سولہ ہزار مواضعات سے حاصل کردہ مٹی اور پانی کا ہیلی کاپٹر کے ذریعہ امراوتی پر چھڑکاؤ کیا جائے گا۔ ریاست کے مختلف عبادت گاہوں سے حاصل کردہ پانی کو سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر استعمال کیاجائے گا۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے۔ گزشتہ سال ریاست کی تقسیم کے بعد اے پی کا ان کا یہ پہلا دورہ ہے ۔ چیف منسٹر پ نجاب پرکاش سنگھ بادل ، آندھر اپردیش کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن، ٹاملناڈو کے گورنر کے روشیا اور آسام اور ناگا لینڈ کے گورنر پدمنا بھا آچاریہ بھی اس تقریب میں شرکت کریں گے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جو اے پی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر بھی ہیں، تقریب میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر نائیڈو کو کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے انہیں تقریب میں مدعو نہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ جگن نے بتایا کہ حکومت نئے صدر مقام کی تعمیر کے لئے کسانوں سے زبردستی زرعی اراضیات حاصل کررہی ہے ۔ حکومت کے اس اقدام کے خلاف وہ سنگ بنیاد تقریب سے دوری اختیار کررہے ہیں ۔ تاہم حکومت نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ کسانوں نے بہ خوشی اراضیات حوالے کی ہیں۔ نائیڈو نئے شہر کو عوام کی راجدھانی اور ورلڈ کلاس سٹی بنانے کا وعدہ کرچکے ہیں ۔ چیف منسٹر اے پی نے سنگا پور اور جاپان کے وزرائے اعظم کو مدعو کیا ہے ۔ تاہم ان دو ممالک کے وزراء کی شرکت متوقع ہے ۔ حکومت سنگا پور نے اس نئے شہر کا ماسٹر پلان تیار کیا ہے۔ اس کے علاوہ نائیڈو نے امراوتی کی تعمیر کے لئے جاپان کا تعاون بھی حاصل کیا ہے ۔ چیف منسٹر آندھر اپردیش کو اس بات کی امید ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی سنگ بنیاد تقریب میں ریاست کو خصوصی موقف دینے کا اعلان کریں گے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب حکومت نے ریاست کے نئے صدر مقام کی سنگ بنیاد تقریب کی کامیابی کے لئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں ۔ وزیر اعظم کل امراوتی کے نام سے بسائے جانے والے نئے شہر کا سنگ بنیاد دریائے کرشنا کے کنارے موضع اوونڈا ایونی پالم کے مقام پر رکھیں گے ۔ توقع ہے کہ اس تقریب میں پانچ لاکھ افراد شرکت کریں گے ۔ حکومت کے مشیر کمیونیکیشن پرکال پربھا کر نے یہ بات بتائی ۔ وزیر اعظم یہاں90منٹ تک رہیں گے ، اس دوران مودی ریاست کے نئے تجارتی شہر کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ امراوتی ضلع گنٹور میں واقع ہے ۔ سابق میں یہ علاقہ شانا واہنا حکمرانوں کا صدر مقام تھا۔ اس یادگار تقریب کے پر امن انعقاد کے لئے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ کم و بیش آٹھ ہزار پولیس جوانوں کوتعینات کیا گیا ہے ۔ یو این آئی کے بموجب وزیر اعظم مودی کل اوونڈارایونی پالم پر آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے سنگ بنیاد کے مقام کا فضائی سروے کیا ۔ اس مقام پر سیکوریٹی سخت کردی گئی ۔ وزیر اعظم اور دیگر ممالک کے نمائندوں کی آمد کے پیش نظر اسپیشل پروٹکشن فورس اور سنٹرل انٹلی جنس عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ توقع ہے کہ1.50لاکھ افراد، اس تقریب میں شرکت کریں گے۔

دریں اثنا وجئے واڑہ سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے نئے صدر مقام پر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ مختلف علاقوں سے لائی گئی مٹی اور پانی کا چھڑکاؤ کیا ۔ یہ پانی اور مٹی دنیا بھر کے مختلف علاقوں کے عبادت گاہوں سے حاصل کی گئی ۔ پجاری کے اشلوک کے درمیان انہوں نے مٹی اور پانی کا چھڑکاؤ کیا ہے۔ یہ مٹی اور پانی انتہائی مقدس مقامات، مکہ شریف ، یروشلم، ویشنوی دیوی مندر اور اجمیر کی درگاہ سے حاصل کی اگیا جسے ایک کلاسم میں بھرا گیاتھا، جسے نائیڈو نے ہیلی کاپٹر کے ذڑیعہ نئے صدر مقام پر چھڑکاؤ کیا۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ ان مقدس مقامات کے پانی اور مٹی کے چھڑکاؤ کا مقصد ریاست کے نئے صدر مقام امراوتی کومستحکم اور مقدس مقام بنانا ہے ۔

Andhra Pradesh To Get New Capital Amaravati Today, PM Modi To Inaugurate

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں