ریاست آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت امراوتی کا سنگ بنیاد رکھا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-23

ریاست آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت امراوتی کا سنگ بنیاد رکھا گیا

وجے واڑہ، حیدرآباد
یو این آئی
آندھر اپردیش میں آج اس وقت ایک نئی تاریخ مرتب ہوئی جب وزیر اعظم نریندر مودی نے یہاں سے قریب ویدک بھجن کے جاپ کے دوران ریاست کی نئی راجدھانی امراوتی کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر ریاست کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کے ساتھ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ بھی موجود تھے ۔ وزیر اعظم مودی نے اس دوران کی جانے والی پوجا میں حصہ لیا اور ویدک بھجن کی جاپ کے دوران دارالحکومت کی بنیاد رکھی گئی ۔ اس سے پہلے آندھرا کے وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم نریندر مودی کا خیر مقدم کیا۔ مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو بھی پروگرام میں مووجد رہے ۔ بتایاجارہا ہے کہ راجدھانی دس سال میں بن کر تیار ہوجائے گی اور یہاں تقریبا سوا کروڑ لوگوں کے رہنے کی گنجائش ہوگی ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ کے علیحدہ ریاست بننے کے بعد آندھرا پردیش نے حیدرآباد کی جگہ امراوتی کو اپنا دارالحکومت بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی قومی دارالحکومت نئی دہلی سے فضائیہ کے طیارہ کے ذریعہ گنا ورم پہنچے،جہاں ان کا وزیر اعلی این چندرا بابو نائیڈو کے علاوہ مرکزی وزراء وینکیا نائیڈو ، سوجنا چودھری اور دوسروں نے استقبال کیا جہاں سے وزیر اعظم بذریعہ ہیلی کاپٹر امراوتی پہنچے ۔ اپنی آمد کے فوری بعد وزیر اعظم نے امراوتی کی تاریخ اور اس کی اہمیت پر ایک فوٹو گیلری کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اہم شخصیتوں اور ہزارہا افراد کی موجودگی میں دوپہر12:40بجے امراوتی کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس پروگرام میں کئی اہم شخصیتوں سنگا پور اور جاپان کے وزراء کے علاوہ مختلف ریاستوں کے گورنروں ، وزرائے اعلی، سرکردہ تاجرین اور مختلف ممالک کے سفیروں نے بھی شرکت کی ۔ امراوتی سنگ بنیاد کے لئے آندھر اپردیش کی عوام نے طویل انتظار کیا ہے ۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ تقریب کے درمیان سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے، کیونکہ انہوں نے14برس بعد آندھر اپردیش کی سرزمین پر قدم رکھا۔ اونڈا رایا پالم جانے کے تمام راستوں پر بڑے کٹ آؤٹس لگائے گئے تھے۔ امراوتی کا علاقہ تہوار کا منظر پیش کررہا تھا اور 13اضلاع کے عوام بڑے پیمانہ پر انتظامات کا مشاہدہ کرنے کے لئے پہنچے۔ تقریب کے مقام پر تین شہ نشین بنائے گئے ۔ اس موقع پر آندھرا پردیش کی تہذیب کو اجاگر کرنے والے کلچرل پروگرام بھی پیش کئے گئے۔ تقریب کے مقام پر سیکوریٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا جہاں سے تمام کو ان کے فرائض تفویض کئے گئے۔ تقریب کے مقام پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے تھے ۔ پولیس کی جانب سے کئی مقامات پر ٹریفک کی پابندیاں بھی لگائی گئیں۔

PM Modi lays foundation for Andhra capital Amaravati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں