دلتوں کے تحفظات - بہار کے انتخابی جلسہ میں وزیراعظم مودی کا متنازعہ ریمارک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-27

دلتوں کے تحفظات - بہار کے انتخابی جلسہ میں وزیراعظم مودی کا متنازعہ ریمارک

تحفظات سے چھیڑ چھاڑ کی مبینہ کوششوں کے لئے تنقیدوں کا سامنا کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جوابی وار کرتے ہوئے بہار کے عظیم اتحادپر درج فہرست اقوام و قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لئے تحفظات میں سے5فیصد حصہ چھین کر ایک مخصوص فرقہ کو دینے کا الزا م لگایا اور اس اقدام کی مخالفت کا عزم کیا کہ چاہے اس کے لئے انہیں اپنی جان کی قربانی دینا نہ پڑے ۔ مودی نے کہا کہ موقع پرست اتحاد کے قائدین تحفظات کے مسئلہ پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ دستور مذہب کی بنیاد پر تحفظات فراہم نہیں کرتا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سپریم کورٹ نے تحفظات پر50فیصد کی حد مقرر کی ہے۔ انہوں نے بکسر میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قائدین ایک شیطانی منصوبہ بنارہے ہیں۔ وہ دلتوں، مہادلتوں ، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کے پانچ فیصد تحفظات کو چھیننے اور ایک مخصوص فرقہ کو دینے کی سازشیں کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں انتہائی پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھتا ہوں اور ایک غریب عورت کے گھر پیدا ہونے کے درد کو سمجھتا ہوں ۔ میں ایسا ہونے نہیں دوں گا ، میں دلتوں، مہا دلتوں ، اور پسماندہ طبقات کے حقوق کی حفاظت کا وعدہ کرتا ہوں بھلے ہی اس کا مطلب جان کی قربانی ہے ۔ مودی نے تحفظات کے مسئلہ پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کے لئے عظیم اتحاد کے قائدین نتیش کمار، لالو اور سونیا گاندھی پر تنقید کی اور کہا کہ وہ کبھی بھی مذہبی بنیادوں پر تحفظات دینے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو دلتوں ، مہا دلتوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق چھیننے اور انہیں ووٹ بینک کی سیاست کے لئے دوسرے فرقہ کو دینے نہیں دیاجائے گا۔ اس دوران کانگریس نے آج اس الزام کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی کہ عظیم اتحاد درج فہرست اقوام و قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لئے تحفظات میں سے پانچ فیصد ایک مخصوص فرقہ کو دینے کی کوشش کررہا ہے ۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ مودی فرقہ وارانہ انتشار پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ بی جے پی کو بڑی شکست کااندازہ ہوگیا ہے ۔ پارٹی کے سینئر ترجمان آنند شرما نے صحافیوں کو بتایا کہ وزیر اعظم کو یہ عادت ہے کہ جب بی جے پی کو بڑی شکست نظر آتی ہے وہ انتخابات کے دوران فرقہ وارانہ انتشار پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بوکھلاہٹ کا عالم ہے یہ وزیر اعظم کی جانب سے کوشش کی جانے والی نہیں ہے ۔ مودی نے سچ بولنے پر یقین نہیں رکھا وہ جھوٹ سے ہی مطمئن رہتے ہیں ۔ انہوں نے مودی کو عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے تحفظات کے مسئلہ کا حل کردیا ہے ۔

Modi Plays Anti-Muslim Card at Bihar Rally to Woo Dalits, OBCs

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں