یہ گاندھی کا نہیں مودی کا ہندوستان ہے - کشمیری رکن اسمبلی انجینئر رشید کی تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-22

یہ گاندھی کا نہیں مودی کا ہندوستان ہے - کشمیری رکن اسمبلی انجینئر رشید کی تنقید

نئی دہلی
آئی اے این ایس
جموں و کشمیر کے آزاد رکن اسمبلی انجینئر رشید نے ملک میں بڑھتی عدم رواداری کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کے ہندوستان کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہاتما گاندھی کا نہیں بلکہ مودی کا ہندوستان ہے ۔ واضح رہے کہ رشید جنہیں عموما انجینئر رشید کے نام سے جانا جاتا ہے ، سری نگر میں بیف پارٹی دینے کے بعد دو حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔ پہلی مرتبہ جموں و کشمیر اسمبلی میں بی جے پی ارکان نے انہیں مار پیٹ کی اور پھر دہلی میں ہندو سینا کے کارکنوں نے ان کے چہرہ پر سیاہی پوت دی ۔ رشید نے کہا کہ اس ملک میں ہر چیز ممکن ہے ، کیوں کہ یہ اب گاندھی کا روادار ہندوستان نہیں بلکہ مودی کا ہندوستان ہے۔ نئی دہلی میں پریس کلب کے باہر حملہ کا واقعہ9اکتوبر کو پیش آیا تھا۔ رشید نے وہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا جس میں انہوں نے جموں و کشمیر کے اودھم پور میں ایک ٹرک پر حملہ کے بارے میں بات کی تھی، جس کے نتیجہ میں اس کا کلینر ہلاک ہوگیا تھا ۔ ہندو سینا کے کارکنوں نے نہ صرف رشید کے چہرہ پر کالک اور موٹر آئئیل پھینکا بلکہ انہوں نے افسوسناک طور پر اودھم پور حملہ کے متاثرین کے ارکان خاندان پر بھی سیاہی پھینکی ۔ اس سوال پر کہ انہوں نے بیف پارٹی کا اہتمام کرتے ہوئے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کیوں کیا، رشید نے کہا میں کبھی اپنے حلقہ میں نان ویجیٹرین غذا نہیں کھاتا لیکن جب ساکشی مہاراج یا ہریانہ کے چیف منسٹر ایم ایل کھٹر جیسے لوگ مجھے بتاتے ہیں کہ مجھے کیا کھانا چاہئے اور کیا نہیں کھانا چاہئے تو مجھے تکلیف پہنچتی ہے۔ یہاں جموں و کشمیر ہاؤز میں گفتگو کرتے ہوئے رشید نے مسلمانوں اور بیف کے استعمال سے متعلق مسائل پر متنازعہ بیانات دینے پر بی جے پی قائدین کو نشانہ تنقید بنایا۔ رشید نے چند سوالات بھی اٹھائے اور کہا گائے ان کی ماں ہوسکتی ہے ۔ لیکن بھینس سے ان کا کیا رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھینس کے گوشت کو بھی بیف کہاجاتا ہے ۔ میں یہ مانتا ہوں کہ ساکشی مہاراج کی گائے ان کی ماں ہوسکتی ہے، لیکن ان کا میری گائے سے کیا رشتہ ہے۔ جو میں نے اپنے گھر میں پالی ہے۔ میری گائے میری گائے ہے اور اس کے ساتھ کیا کرنا ہے ، اس کا فیصلہ میں ہی کروں گا۔ رشید نے ہند۔ پاک سے نفرت کی سیاست ترک کردینے اور مسئلہ کشمیر کو ریاست کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی خواہش ظاہر کی ۔

This is now Modi's Hindustan, not Mahatma Gandhi's India: Engineer Rashid

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں