پاکستان میں موجود گیتا کی آج نئی دہلی واپسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-26

پاکستان میں موجود گیتا کی آج نئی دہلی واپسی

کراچی
پی ٹی آئی
غلطی سے سرحد پار کر کے پاکستان جانے والی گونگی بہری ہندوستانی لڑکی گیتا کل اپنے وطن واپس لوٹ آئے گی۔ دونوں ممالک کی حکومتوں نے تمام کارروائی مکمل کرلی ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ گیتا7یا8سال کی عمر میں آج سے15سال قبل لاہور ریلوے اسٹیشن پر پاکستان رینجرس کو سمجھوتہ ایکسپریس میں تنہا بیٹھی ملی تھی۔23سالہ گیتا کو ایدھی فاؤنڈیشن کی بلقیس ایدھی نے ایک طرح سے گود لے لیا تھا اور وہ ان کے ساتھ کراچی میں رہنے لگی تھی ۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے فہد ایدھی نے بتایاکہ گیتا کل صبح آٹھ بجے ہندوستانی وقت8:30بجے پاکستان انٹر نیشنل ایر لائنس کی پرواز سے نئی دہلی روانہ ہوگی ۔ اس کے ساتھ میں میرے والد، فیصل ایدھی ، میری ماں اور میری دادی بلقیس ایدھی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں تیقن دیا گیا ہے کہ وہ اس وقت تک نئی دہلی میں رہں گے جب تک کہ حکام گیتا کے اصل ماں باپ کا پتہ چلانے ڈی این اے ٹسٹ مکمل نہ کرلیں۔ فہد نے کہا کہ ہم گیتا کے ساتھ اس لئے جارہے ہیں کہ اس نے ہندوستانی ہائی کمیشن کو ہم کو بھیجی گئی تصویر میں اپنے خاندان کو پہچان تو لیا ہے لیکن ڈی این اے جانچ سے اس کی توثیق باقی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکام نے ہمیں تیقن دیا ہے کہ ڈی این اے جانچ کی رپورٹ نفی میں آئی تو گیتا کو ایک محفوظ مقام پر رکھاجائے گا۔ فہد نے کہا کہ وہ کئی سال سے ہمارے ساتھ رہی ہے۔ وہ ہمارے خاندان کی رکن کی طرح ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ رہے لیکن ظاہری بات ہے کہ وہ اپنے ملک اور اپنے خاندان کے ساتھ جانا چاہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کی حکومتوں نے گیتا کی واپسی کے لئے تمام کارروائی مکمل کرلی ہے۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے انور کاظمی نے بتایا کہ پانچ افراد بشمول فیصل ایدھی کو ویزا ملا ہے لیکن صرف چار افراد گیتا کے ساتھ جارہے ہیں ۔ یہ تمام حکومت ہند کے سرکاری مہمان ہوں گے ۔ گیتا نے تصویر میں اپنے باپ، سویتلی ماںاور بھائی بہنوں کو پہچانا ہے ۔ بتایاجتا ہے کہ اس کا خاندان بہار میں رہتا ہے ۔110منٹ سے بھی کم کی پرواز میں گیتا اپنے وطن لوٹ آئے گی اور اپنے ارکان خاندان سے اس کی ملاقات ہوجائے گی ۔ جن کی تلاش پاکستانی غیر سرکاری تنظیمیں( این جی اوز) دیوانہ وار کررہی تھیں۔

Geeta: Separated at 7 in Pakistan, to be reunited at 23 in India today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں