کشمیر میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ کو مقرر کرنے گیلانی کی اپیل - بانکی مون کو مکتوب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-27

کشمیر میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ کو مقرر کرنے گیلانی کی اپیل - بانکی مون کو مکتوب

حریت کانفرنس، گیلانی کے چیر مین سید علی گیلانی نے اقوام متحدہ سکریٹری جنرل بان کی مون کے نام لکھے گئے ایک خط میں ان سے اپیل کی ہے وہ کشمیر کے لئے اپنا ایک نمائندہ خصوصی مقرر کریں اور ہندوستان اور پاکستان پر زور ڈالیں کہ وہ کشمیری عوام کی جائز لیڈر شپ اور اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کشمیر تنازعے کا ایک پر امن حل اور منصفانہ حل نکالنے کی کوششو ں کا آغاز کریں۔ حریت کانفرنس ترجمان کے مطابق گیلانی نے امریکہ میں منعقد ہورہے ملین مارچ کے موقع پر سکریٹری جنرل بان کی مون کے نام لکھے گئے ایک خط میں کشمیری عوام کی طرف سے اس امید کا اظہار کیا ہے ۔ کہ یہ عالمی ادارہ مشکل حالات میں گھرے خطوں میں جس طرح اپنا راہنمایانہ اور کلید ی رول ادا کررہا ہے ، اسی طرح وہ ان قرار دادوں کو عملا نے کے لئے بھی موثر اقدام اٹھائے گا، جو کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے سلسلے میں یہاں پاس کرائی گئی ہیں۔ اپنے خط میں کشمیر تنازعے کے حل کے لئے ثالثی کی پیشکش کرنے پر بان کی مون کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے حریت چیر مین نے لکھا ہے کہ وقت آگیا ہے ، جب اقوام متحدہ کو اس دیرینہ تنازعہ کے حل کے لئے اپنے اثرورسوخ کو بروئے کار لانا ہوگا، جو کشمیر کے حوالے سے فریقین کے مابین طے پایا ہے ۔ خط میں دنیا کی بڑی طاقتوں کی بے حسی اور دو عملی کا شکوہ کرتے ہوئے حریت چیر مین نے کہا کہ دنیا کو در پیش مسائل میں سب سے زیادہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کا تنازعہ ہے جو ابھی تک حل طلب ہے اور جس کی وجہ سے اس ریاست کے لوگ مشکل ترین حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔ حریت چیر مین نے لکھا ہے کہ1947-48میں جب یہ تنازعہ اقوام متحدہ میں لایا گیا تھا تو اس عالمی ادارے نے یہ موقف اختیار کیا کہ کشمیر کے مستقبل کا اسٹیٹس یہاں کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق طے ہوجانا چاہئے ۔ امریکہ،برطانیہ ، اور فرانس سمیت دوسری عالمی طاقتیں اس قرار داد کے مہتمم تھیں جو سیکوریٹی کونسل نے21اپریل1948ء کو پاس کرائی ہے ، اور جس کی بنیاد نا قابل تغیر اصولوں پر قائم ہے۔ گیلانی نے لکھا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے پاس شدہ قرار دادیں کوئی رسمی اور معمولی قسم کی نہیں ہیں، بلکہ اقوام متحدہ نے ہندوستان اور پاکستان دونوں کی رضا مندی سے یہ پاس کرائی ہیں اور کشمیر کے حوالے سے یہ ایک ایسا بین الاقوامی معاہدہ ہے جس کا بین الاقوامی قوانین کی رو سے پورا کیا جانا لازمی اور لا بدی ہے ۔

Geelani urges UN chief to appoint a special envoy on Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں