مہارشٹرا حکومت بغاوت سے متعلق متنازعہ سرکیولر سے دستبردار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-28

مہارشٹرا حکومت بغاوت سے متعلق متنازعہ سرکیولر سے دستبردار

حکومت مہاراشٹرا نے آج بمبئی ہائی کورٹ کا اطلاع دی ہے کہ اس نے27اگست کو جاری کردہ اپنے متنازعہ سرکیولر سے دستبرداری اختیار کرلی ہے جو بغاوت سے نمٹنے کے لئے آئی پی سی کی دفعہ124-Aکے غلط استعمال کی روک تھام کے لئے جاری کیا گیا تھا۔ ریاست کے ایڈوکیٹ جنرل سریہری انئے نے حکومت کے سرکیولر کے دستوری جواز کو چیلنج کرتے ہوئے دائرہ کردہ دو درخواستوں کے جواب میں جسٹس وی ایم کناڈے اور جسٹس شالینی پنسالکر جوشی کی ڈیویژن بنچ پر یہ بیان دیا۔ جسٹس کناڈے نے جاننا چاہا کہ یہ سرکیولر کیونکر جاری کیا گیا اس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ریاستی حکومت اس کا سبب معلوم کرنے کی کوشش کرے گی ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ چیف منسٹر دیویندر فڈ نویس نے منترالیہ میں عہدیداروں کے ایک حالیہ اجلاس میں سرکیولر سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم اٹارنی جنرل نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا حکومت ایک نیا سرکیولر جاری کرے گی۔ عدالت کے باہر انئے نے صحافیوں سے کہا کہ نئے سرکیولر کا فیصلہ کرنا حکومت کا کام ہے ۔ بی جے پی زیر قیادت حکومت مہاراشٹرا نے گزشتہ ماہ یہ اعتراف کیا تھا کہ سیاسی شخصیات کو تنقید کا نشانہ بنانے پر بغاوت کا الزام عائد کرنے سے متعلق سر کیولر میں غلطی ہوئی ہے اور اس کا نظر ثانی شدہ سرکیولر لانے کا وعدہ کی اتھا ۔ ہائی کورٹ نے قبل ازیں حکومت کو سرکیولر پر عمل سے روک دیا تھا ۔ اس متنازعہ سرکیولر کے خلاف مشہور کارٹونسٹ اسیم اترویدی نے ایک درخواست داخل کی جو خود بھی بغاوت کے الزامات کے تحت گرفتار کئے گئے۔ دوسری درخواست ایڈوکیٹ نریندر شرما نے داخل کی تھی۔

Controversial Sedition Circular Withdrawn by Maharashtra govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں