گریٹر حیدرآباد میونسپلٹی حدود میں غریب خواتین کو ایک لاکھ 40 ہزار مفت گیس کنکشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-29

گریٹر حیدرآباد میونسپلٹی حدود میں غریب خواتین کو ایک لاکھ 40 ہزار مفت گیس کنکشن

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جی ایچ ایم سی حدود میں رہنے والی غریب خواتین میں ایک لاکھ چالیس ہزار گیس کنکشن مفت تقسیم کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد کے تحت آنے والے24اسمبلی حلقوں میں ہر ایک حلقہ میں5000گیس کنکشن منظور کئے جائیں گے ۔ جی ایچ ایم سی کے کمشنر سومیش کمار نے بتایاکہ مفت گیس کنکشن کے خواہشمند خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والی خواتین اپنی درخواستیں3نومبر کے اندر متعلقہ جی ایچ ایم سی کے سر کل آفس میں داخل کرسکتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ دیپم اسکیم کے تحت دئیے جانے والے گیس کنکشن کے استفادہ کنندگان کے انتخاب کے لئے جی ایچ ایم سی کے عہدیدار، محکمہ سیول سپلائیز کے عہدیداروں کا تعاون حاصل کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دیپم کنکشن کی درخواست کے ساتھ فوڈ سیکوریٹی کارڈ، پرانا سفید راشن کارڈ، آدھار کارڈ ، شخصی بینک اکاؤنٹ کی زیراکس اور دو پاسپورٹ سائز فوٹو زمنسلک کریں ۔ کمشنر سومیش کمار نے بتایاکہ گریٹر حیدرآباد میں مقیم تمام اہل خواتین کو گیس کنکشن دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ سابق میں جن خواتین نے درخواستیں داخل نہیں کی ہیں وہی درخواستیں داخل کرنے کی مجاز ہوں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک جی ایچ ایم سی نے68888گیس کنکشن کی درخواستیں قبول کی ہیں ۔ ان درخواستوں کو منظوری کے لئے محکمہ سیول سپلائزکو روانہ کردیا گیا ہے ۔

GHMC commissioner Somesh Kumar announced 1,40,000 gas connections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں