آندھرا پردیش میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور - وزیراعلیٰ نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-27

آندھرا پردیش میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور - وزیراعلیٰ نائیڈو

چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں صفائی سے متعلق امور پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ صفائی کے انتظامات کو بہتر بنائیں ۔ ضلع کلکٹروں کے ساتھ ایک ٹیلی کانفرنس میں انہوں نے میونسپل کمشنروں اور میڈیکل آفیسرس کے علاوہ دوسرے متعلق عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں صفائی کے انتظامات پر کہیں زیادہ توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر جمعہ کو یوم صفائی منایاجائے ۔ اس طرح تمام موضعات اور بلدیات میں صٖائی کے نظام کو بہتر بنانے کی راہ ہموار ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسی صورت میں ممکن ہوسکے گا جب کہ کلکٹر اور میڈیکل عہدیدار اس سلسلہ میں توجہ دیں گے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ریاست میں مختلف امراض پھیل رہے ہیں جس کے تدارک کی طرف اولین توجہ دینے کی ضرورت ہے انہوں نے اس سلسلہ میں وائیرل فیور کا تذکرہ کیا ۔ ڈینگو اور ملیریا بخار کے پھیلنے اور کئی افراد کے متاثر ہونے پر انہوں نے نہ خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ اس مقصد کے لئے تحصیل اور موضع کی سطح پر ہیلتھ کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایاجائے اور اس میں محکمہ صحت کے علاوہ مجالس مقامی کے نمائندوں کو شامل کیاجائے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ وہ عوام میں شعور بیدا ر کرنے کے لئے مہم چلائیں تاکہ عوام کو مختلف وبائی امراض کی روک تھام کا علم ہوسکے اور وہ اپنے اطراف و اکناف صفائی کے انتظام کو بہتر بنانے پر توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دس روزہ مہم چلائی جانی چاہئے ۔ جس کا آج سے آغاز کردیاجائے ۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی اس مہم اور سر گرمیوں میں غیر سرکاری تنظیموں کو بھی شامل کریں تاکہ با عجلت ممکنہ صفائی کے نطام کو بہتر بنایاجاسکے ۔ اس دوران بتایا گیا ہے کہ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ٹیلی کانفرنس بھی منعقد کی ۔ جس میں پولیس کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ قومی شاہراہوں پر موٹر گاڑیوں کی رفتار پر نظر رکھیں تاکہ حادثات پیش نہ آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام موٹر گاڑیوں کی رفتار مقررہ قواعدکے مطابق ہو تو حادثات کو ٹالا جاسکتا ہے۔ سرکاری طور پر جاری کردہ پریس ریلیز میں یہ بات بتائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے عصری ٹکنالوجی کا استعمال کیاجاسکتا ہے اور ایسی موٹر گاڑیاں جو مقررہ رفتار سے زیادہ تیز دوڑ رہی ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات کی روک تھام کے لئے یہ ضروری ہوجاتا ہے کہ ہم خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔

Andhra Pradesh Chief Minister Naidu Exhorts Officials to Improve Sanitation Situation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں