وی کے سنگھ کے خلاف عام آدمی پارٹی کی پولیس میں شکایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-24

وی کے سنگھ کے خلاف عام آدمی پارٹی کی پولیس میں شکایت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی نے آج فرید آباد میں دلتوں کے قتل پر کتے کی مثال دیتے ہوئے متنازعہ تبصرہ کرنے پر مرکزی وزیر وی کے سنگھ کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی اور مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف ایس سی ، ایس ٹی قانون کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے ۔ پارٹی ارکان اسمبلی سورو بھرودواج، وشیش روی ، راکھی برلا، ہزاری لال چوہان اور ترجمان اشوتوش نے مرکزی دہلی کے پرساد نگر، پولیس اسٹیشن میں پولیس عہدیداروں سے ملاقات کی۔ بھردواج نے کہا کہ پولیس نے ہمیں بتایا کہ وہ پہلے اس معاملہ کی تحقیقات کریں گے ۔ اشوتوش نے الزام عائد کیا کہ سنگھ کا تبصرہ ایس سی ، ایس ٹی قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے وفد کو تیقن دیا کہ وہ اس معاملہ کی تحقیقات کرے گی جو اب ایک بڑے سیاسی تنازعہ میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ پولیس نے ہمیں بتایا کہ انہیں کوئی کیس درج کرنے سے پہلے اعلیٰ عہدیداروں سے اجازت لینی پڑے گی کیونکہ ایس سی، ایس ٹی قانون کے تحت کیس درج کرنے سے پہلے ڈی سی پی رینک کے عہدہدار سے اجازت لینی ضروری ہوتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ سنگھ کا مرکزی وزیر کا موقف اس معاملہ پر اثر اندازنہیں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے وی کے سنگھ کی وضاحت کو مسترد کردیا اور کہا کہ انہوں نے بہار اسمبلی انتخابات کے مد نظر یہ وضاحت پیش کی ہے ۔ وی کے سنگھ نے زور دے کر کہا تھا کہ یہ تنازعہ غیر مربوط جملوں کی وجہ سے پید اہوا ہے۔ اشوتوش نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس بنیادی طور پر دلتوں اور اقلیتوں کے مخالف ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے بیانات جاری کئے جارہے ہیں ۔ اسی دوران لکھنو سے موصولہ اطلاع کے مطابق بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج مرکزی وزیر وی کے سنگھ کو ان کے متنازعہ تبصرہ کے سلسلہ میں برطرف کردینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انہیں، حقیر، کمینی، نچلی سطح کی ذہنیت کے لئے جیل بھیج دیاجانا چاہئے ۔ مایاوتی نے یہاں عجلت میں طلب کردہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو انہیں برطرف کردینا چاہئے اور دلتوں کے تئیں ایسی حقیر اور نچلی سطح کی ذہنیت رکھنے پر انہیں جیل بھیج دیاجانا چاہئے ۔ مایاوتی نے جو برہم نظر آرہی تھیں کہا کہ یہ تبصرہ ملک بھر کے دلتوں کی عزت نفس اوروقار کے خلاف ہے ۔ ہماری پارٹی نہ صرف اس کی مذمت کرتی ہے بلکہ وزیر اعظم سے یہ بھی مطالبہ کرتی ہے کہ ایسی نچلی ذہنیت رکھنے پر انہیں جیل بھیج دیاجائے ۔ اگر مودی ایسا نہیں کریں گے تو یہ سمجھا جائے گا کہ انہیں دلتوں کے وقار کی کوئی پرواہ نہیں اور انہوں نے امبیڈ کر کی یادگار بنانے کا جو حالیہ بیان کیا ہے اس کا مقصد محض ان کے (دلتوں کے) ووٹ حاصل کرنا ہے ۔ بی ایس پی لیڈر اور سابق چیف منسٹر نے پریس کانفرنس میں ہریانہ کی بی جے پی حکومت پر دلتوں کے تئیں غیر حساس ہونے کا الزام بھی عائد کیا ۔ انہوں نے تین دن قبل فرید آباد میں دو بچوں کو زندہ جلادے جانے کے واقعہ کو شرمناک قرار دیا۔

AAP Files Police Complaint Against VK Singh Over 'Dog' Remark

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں