پاکستان میں مختلف مسالک کے 40 علماء گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-10-22

پاکستان میں مختلف مسالک کے 40 علماء گرفتار

لاہور
یو این آئی
پاکستان میں محرم کے دوران مسلکی تشدد پر قابو پانے کے اقدامات کے تحت حکومت نے پنجاب کے مختلف علاقوں سے گزشتہ چند روز کے دوران مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے چالیس علماء کو احتیاطی طور پر حراست میں لے لیا ہے جب کہ640ذاکرین اور علماء کو صوبہ میں مجالس اور اجتماعات سے خطاب کرنے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ ڈان نیوز کے مطابق پنجاب پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے چالیس علماء کو احتیاط کے طور پر حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان علماء کی سر گرمیاں محرم کے دوران امن کے خلاف انتہائی خطرناک قرار دی جارہی تھیں ۔ پولیس عہدیدار کے مطابق صوبے بھر کے1.160علمائ، جن میں378کا تعلق اہل تشیع مسلک،527کا تعلق دیو بندی، اور156کا تعلق اہل حدیث جب کہ97کا تعلق بریلوی مسلک سے ہے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے کے مخصوص شہروں میں داخل نہ ہونے کا حکم دیا ہے۔
لاہور سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب پاکستان میں قتل کے مجرموں کی سزائے موت پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے، ملک کی مختلف جیلوں میں آج چار قاتلوں کو پھانسی دے دی گئی جب کہ دو مجرموں کی سزائے موت لواحقین سے صلح کے بعد عارضی طور پر موثر کردی گئی ہے ۔ لاہو رکی کوٹ لکھپت جیل میں قید قتل کے مجرم کی سزائے موت پر عمل درآمد کروادیاگیا ہے ۔ مجرم منیر احمد کے خلاف تھانہ گجرپورہ اور لاہور میں قتل کا مقدمہ درج تھا اور اسے2003ء میں سزائے موت سنائی گئی تھی ۔ مذکورہ جیل میں ہی مجرم عمران عرف پپو اور ذوالفقار کی پھانسی متوسلین کے لواحقین سے صلح ہونے پر عارضی طور پر موخر کردی گئی ۔ مجرم عمران عرف پپو کو تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں قتل کرنے کے جرم میں2002ء میں سزائے موت سنائی گئی تھی جب کہ مجرم ذوالفقار نے1999ء میں معمولی جھگڑے پر طارق نامی شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی ڈسٹرکٹ جیل میں قید قتل کے ایک مجرم کو پھانسی دے دی گئی ہے ۔ مجرم قمرالزماں نے2001ء میں معمولی تنازعہ پر اقبال نامی شخص کو قتل کردیا تھا ۔ ڈیرہ غازی خان میں بھی قتل کے ایک مجرم کی سزائے موت پر عمل درآمدکروادیا گیا ہے ۔ مجرم سیف اللہ نے1996میں بیوی سمیت دو افراد کو قتل کیا تھا ۔ بہاول پور جیل میں مجرم فیاض احمد کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ۔ مجرم نے1997ء میں رشتہ کے تنازعہ پر فرید نامی شخص کو قتل کردیا تھا۔

40 clerics arrested in Pakistan for threatening peace

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں