ہندوستانی نوجوانوں کو داعش کی رغبت دلائے جانے پر اظہار تشویش - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-11-30

ہندوستانی نوجوانوں کو داعش کی رغبت دلائے جانے پر اظہار تشویش - راج ناتھ سنگھ

گوہاٹی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس بات پر آج تشویش کا اظہار کیا کہ بعض ہندوستانی نوجوانوں کو دہشت گرد گروپ ، اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا( آئی ایس آئی ایس) کی طرف رغبت دلائی گئی ہے ۔ حکومت، اس صورتحال کو ایک چیلنج سمجھتی ہے اور اس چیلنج کو یوں ہی نہیں چھوڑ دیاجاسکتا ۔ سنگھ نے الزا م لگایا کہ ہندستان میں عدم استحکام کی کوششوں کے لئے پاکستان میں سر کاری عوامل سرگرم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعہ ہندوستان کو نقصان پہنچانے کی اپنی کوششوں کو ترک نہیں کیا ہے۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ایک ہندوستانی نوجوان، عراق میں آئی ایس آئی ایس سے ربط رکھنے کے بعد کل ہی ممبئی واپس ہوا تھا ۔ اس کے دوسرے ہی دن آج اظہار خیال کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گرد گروپ اگرچیکہ شام اور عراق میں پیدا ہوا ہے ، بر صغیر ہند اس لعنت سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا ۔ اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے یہاں ڈائرکٹرس جنرل آف پولیس انسپکٹرس جنرل آف پولیس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’’ یہ بھی تشویش کی بات ہے کہ بعض ہندوستانی نوجوان ، آئی ایس آئی ایس کی طرف راغب ہوئے ہیں۔ ہم اس کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کرتے ہیں ۔‘‘ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ عارف مجید کی گرفتاری ، اس کو ہراساں کرنے کا اقدام نہیں ہے ۔ ایسے تمام واقعات کو انفرادی طور پر نمٹا جائے گا ۔ مجید عارف ، عراق میں آئی ایس آئی ایس کے زیر کنٹرول علاقوں سے غائب ہونے کے بعد کل ممبئی واپس ہوا ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ بر صغیر ہند کے لئے ایک شاخ قاعدہ الجہاد ، قائم کرنے کا القاعدہ کا اعلان، ایک دھمکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بین عالمی دہشت گرد گروپ کی نیت، بنگلہ دیش ، آسام، گجرات ، جموں و کشمیر اور ملک کے بعض دیگر حصوں کواپنی گرفت میں لانے کی ہے اور ہندوستان ایسا ہونے نہیں دے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ، ہندوستان میں تخریب کارانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے بارے میں’’غیر سرکاری عوامل کا بہانہ تراش رہا ہے ۔‘‘ اگر غیر سرکاری عوامل ، ہندوستان میں دہشت پسندانہ اقدامات میں ملوث نہیں ہیں تو کیا آئی ایس آئی، ایک غیر سرکاری عنصر ہے ؟ انہوں نے کہا کہ وہ سرکاری عوامل ہیں جو ہمارے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔‘‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ کئی بیرونی دہشت گرد گروپس یہ سمجھتے ہیں کہ چونکہ ہندوستان میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے وہ (گروپس) اپنی صفوں میں کئی افراد(ہندوستانی) کو بھرتی کرسکتے ہیں اور ایک اسلامی ملک کی تخلیق کے لئے لڑ سکتے ہیں ۔‘‘ لیکن ہندوستانی مسلمان ، محب وطن ہے اور آزادی کے بعد سے اپنی مادر وطن کی حفاظت کے لئے لڑتے آرہے ہیں، ہندوستانی مسلمان، اس ملک کی سلامتی اور اس کی اقتدار اعلیٰ کے لئے لڑنے ہمیشہ تیار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دہشت گرد گروپس اپنے مقصد می کامیاب نہیں ہوں گے ۔ گزشتہ 2اکتوبر کو بردوان(مغربی بنگال) میں دھماکہ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اس واقعہ سے پتہ چلتا ہے کہ کئی بیرونی طاقتیں، اپنے ناپاک عزائم کے لئے ہندوستان کی سر زمین کا غلط استعمال کررہی ہیں ۔ اس دھماکہ میں جمیعۃ المجاہدین بنگلہ دیش ( جے ایم بی) مبینہ طور پر ملوث ہے۔ سنگھ نے کہا کہ’’ہمیں ایسی تمام قوتوں کو اپنی طاقت سے روکنا ہے ۔‘‘وزیر داخلہ نے پاکستانی بحریہ کی ایک کشتی کا القاعدہ کے جنوبی ایشیاء ونگ کی جانب سے اغوا کرنے کی کوشش ناکام ہوجانے کا تذکرہ کیا۔

Indian Youths Attracted to ISIS a Matter of Concern, Says Home Minister Rajnath Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں