لوک سبھا انتخابات مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے - کمل ناتھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-12-12

لوک سبھا انتخابات مقررہ وقت پر منعقد ہوں گے - کمل ناتھ

loksabha-election-2014
مرکزی وزیر کمل ناتھ نے بعض مخالف تلنگانہ ارکان لوک سبھا جن میں کانگریس کے ارکان بھی شامل ہیں، کی جانب سے تحریک عدم اعتماد نوٹس کے پس منظر میں آج کہا کہ اب تک صرف تلگودیشم پارٹی کے 4 ارکان نے اس تحریک کیلئے نوٹس دی ہے اور اسپیکر لوک سبھا میرا کمار قواعد کے مطابق اس کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں گی۔ وزیر پارلیمانی امور نے پارلیمنٹ کے باہر نامہ نگاروں کو بتایاکہ ایسی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ انتخابات قبل ازوقت منعقد ہوں گے لیکن یہ بالکلیہ غلط ہے۔ یوپی اے حکومت اپنی میعاد مکمل کرے گی اور انتخابات شیڈول کے مطابق مئی میں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے پاس درکار اعدادو شمار ہیں اور کوئی بھی تحریک اعتماد کامیاب نہیں ہوگی۔ حکومت اکثریت رکھتی ہے لہذا کسی تحریک عدم اعتماد کے کامیاب ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کانگریس کے سیما آندھرا کے ارکان کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی پیشکشی سے لاحق کسی خطرہ کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ بحالت موجودہ صرف 4 ٹی ڈی پی ارکان نے تحریک عدم اعتماد کی پیشکشی کیلئے نوٹسیں دی ہیں اور اسپیکر میرا کمار قواعد کے مطابق فیصلہ کریں گی۔ یہ یقیناًعجیب و غریب ہے لیکن انہیں تکلیف پہنچی ہے۔ انہوں نے یہ بات اس وقت کہی جب انہیں یہ بتایا گیا کہ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ نے خود اپنی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے۔ کانگریس کے ترجمان پی سی چاکو نے کہاکہ سیاسی جماعتیں ایک ایسے وقت تحریک عدم اعتماد کی تائید کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں جب آئندہ عام انتخابات کیلئے 3تا4ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آندھرا کے ارکان پارلیمنٹ نے ایک غیر دانشمندانہ قدم اٹھایا اور یہ قطعی ضروری نہیں تھا۔ حکومت پوری طرح پر اعتماد ہے۔ چاکو نے یہ بھی کہا کہ حکومت فروری کے بجائے جنوری میں علی الحساب موازانہ کے بارے میں غور نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم یہ اجلاس منعقد کریں گے اس سلسلہ میں ہمیں جماعتوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ ہم تمام جماعتوں کے ساتھ ربط میں ہیں اور تمام مسائل پر تبادلہ خیال کیلئے تیار ہیں لیکن یہ مسائل ایسے انداز میں اٹھائے جائیں جن سے ایوان کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔ ہم لوک پال بل اور دیگر بل منظور کرنے تیار ہیں۔ فروری میں ہم علی الحساب موازنہ منظور کریں گے۔

اس دوران آئی اے این ایس کے مطابق لوک سبھا کی کارروائی آج دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی کیونکہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ارکان نے تلنگانہ اور غذائی اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ سمیت کئی مسائل پر زبردست ہنگامہ آرائی کی۔ آج صبح ایوانوں کی کارروائی شروع ہونے کے چند ہی منٹوں بعد گڑ بڑ شروع ہوگئی جس کے نتیجہ میں دونوں ایوانوں میں وقفہ سوالات ضائع ہوگیا۔ سیما آندھراعلاقہ کے ارکان نے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے آندھراپردیش کی مجوزہ تقسیم کے خلاف نعرہ بازی کی جس کے نتیجہ میں وقفہ سوالات شوروغل کی نذر ہوگیا۔ ارکان نے مہنگائی اور مظفر نگر کے ریلیف کیمپوں میں بچوں کی اموات کا مسئلہ بھی اٹھایا۔ اسپیکر میرا کمار نے اجلاس کی کارروائی 12 بجے دن تک ملتوی کردی۔ راجیہ سبھا میں بھی ایسے ہی مناظر دیکھے گئے جس کے بعد چیرمین حامدانصاری نے بھی ایوان کی کارروائی 12 بجے دن تک ملتوی کردی۔ دوپہر میں لوک سبھا کی کارروائی کا جب دوبارہ آغاز ہوا تو ارکان نے 2G اسپکٹرم الاٹمنٹ، غذائی اشیاء کی قیمتوں کے علاوہ سری لنکائی بحریہ کی جانب سے ٹامل ماہی گیروں پر حملوں جیسے مسائل پر دوبارہ احتجاج کرنا شروع کردیا۔ اسپیکر میرا کمار نے کہاکہ وہ ایک بار پھر ایوان کی کارروائی ملتوی کرنے پر مجبور ہوگئی ہیں۔ انہوں نے ایوان کو یہ بھی بتایاکہ انہیں کئی ارکان کی جانب سے حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی نوٹسیں موصول ہوئی ہیں۔ شوروغل جاری رہنے پر لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔ راجیہ سبھا میں دوپہر 12 بجے جب ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو بی ایس پی نے مطالبہ کیا کہ مزید 17 ذاتوں کو دیگر پسماندہ طبقات کے زمرہ میں شامل کیا جائے۔ سماج وادی پارٹی نے بھی بی ایس پی ارکان کی تائید کی۔ اسی دوران بی جے پی لیڈر ایم وینکیا نائیڈو نے 2G اسپکٹرم الاٹمنٹ پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کی رپورٹ پر مباحث کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی چیرمین پی جے کورین نے بار بار ایوان میں نظم بحال کرنے کی اپیل کی لیکن ان کی درخواست پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جس کے بعد کرسی صدارت نے ایوان بالا کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کردی۔ 12 روزہ مختصر سرمائی اجلاس کا یہ پانچواں دن تھا۔ پارلیمنٹ میں اب تک کوئی اہم کام کاج نہیں ہوسکا ہے۔

Elections will be on time in May, says Kamal Nath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں