پرانے شہر کی خبریں - old city news 6 nov 2013 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-11-06

پرانے شہر کی خبریں - old city news 6 nov 2013


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2013-nov-06

urdu minorities conference
سیاست نیوز
"قدیم شہر حیدرآباد میں نونہال اور نوجوان نسل کو تعلیم حاصل کرنے کے کم مواقعوں کے باوجود تعلیم میں بہترین مظاہرہ اس بات کی دلیل ہے کہ اگر پرانے شہر میں تعلیم حاصل کرنے کے موثر مواقع فراہم کیے جائیں تو پرانے شہر کے نونہال اپنی تعلیمی قابلیت مزید بہتر بنا سکیں گے جس کے ذریعے معاشی میدان میں حائل رکاوٹوں کو بھی بآسانی دور کیا جا سکے گا۔"
اے۔پی اردو فورم اور مظہر ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ "اردو اقلیتی کانفرنس" سے خطاب کے دوران جناب شیخ محمد اقبال کمشنر اقلیتی بہبود آندھرا پردیش نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
کانفرنس کی صدارت اردو جہدکار اسمعیل الرب انصاری نے کی اور مہمان خصوصی میں چیرمین ریاستی اقلیتی کمیشن جناب عابد رسول خان ، اراکین قانون ساز کونسل جناب محمد محمود علی ، حافظ پیر شبیر احمد ، کانگریس قائدین جناب خلیق الرحمٰن ، جناب محمد فیروز خان کے علاوہ سماجی جہدکار غلام آصف صمدانی اور دیگر نے بھی اس کانفرنس سے خطاب کیا۔
شیخ محمد اقبال نے اردو ذریعہ تعلیم کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کسی بھی طبقہ یا قوم کی ترقی کا تمام تر دارومدار تعلیم پر منحصر کرتا ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو چاہیے کہ سول سروس اور گروپ-ون کے حصہ دار بنیں جس میں کامیابی نہ صرف انہیں معاشی طور پر مستحکم کرے گی بلکہ ملک و ملت کی خدمت کا بھی موقع ملے گا۔
چیرمین اقلیتی کمیشن جناب عابد رسول خان نے اردو کی ترقی و ترویج کے متعلق حکومت سے مزید نمائندگیوں کے اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اقلیتی بجٹ میں 25 کروڑ روپے اردو اکیڈمی کو جاری کیے جاتے ہیں جس میں سے 18 کروڑ روپے سے اردو اکیڈمی کے عملہ کی تنخواہیں ادا کی جاتی ہیں ، مابقی رقم جو اردو کی ترقی کے لیے کافی نہیں ہے ، بچ جاتی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اردو اکیڈمی کے بجٹ میں اضافہ کے لیے نمائندگی کی تجویز پیش کی۔
رکن قانون ساز کونسل محمد محمود علی نے کہا کہ اردو ذریعہ تعلیم کو عام کرنے کے متعلق شعوری بیداری کی ضرورت ہے اور اردو کو روزگار سے جوڑ کر بھی اردو کی ترقی و ترویج کی جا سکتی ہے۔
پروفیسر ایس اے شکور نے مظہر ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ اردو اقلیتی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ریاست کے پندرہ ضلعوں میں حکومت نے اردو کو دوسری سرکاری زبان کا موقف فراہم کیا ہے جس پر عمل آوری کے لیے حکومت کو توجہ دہانی کرانا تمام تر سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے جس میں وہ مکمل طور پر ناکام ہیں۔

راست
محمد عبدالقدیر نائب صدر مائناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے بموجب اتوار 10/نومبر ، 10 تا 2 بجے دن بمقام عقیل ذیشان میریج ہال بارکس میں مفت میگا میڈیکل کیمپ منعقد ہوگا۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سرپرست اعلیٰ ایم۔ڈی۔ایف مہمان خصوصی ہوں گے۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم۔ڈی۔ایف صدارت کریں گے۔ ڈاکٹر ایس اے مجید ڈائیابیٹک اسپیشلسٹ و چیرمین میڈیکل ہیلت کمیٹی اور تمام ارکان ایم ڈی ایف نے اس بامقصد کیمپ سے استفادہ کی خواہش کی ہے۔ تفصیلات کے لیے عیسیٰ باحجاج 9885553804 اور ایم اے قدیر 9394801526 پر ربط پیدا کریں۔

راست
مولانا بدیع الدین نقشبندی نائب امیر جماعت اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات کے بموجب یکم محرم الحرام مطابق 6/نومبر بروز چہارشنبہ بعد نماز عصر مرکزی آفس سیف کمپلکس بہادر پورہ میں اسلامی و ہجری کیلنڈر کا افتتاح عمل میں آئے گا۔ جماعت کے امیر مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم صدارت کریں گے اور انہی کے ہاتھوں کلینڈر کی رسم اجرا انجام دی جائے گی۔ مولانا میر قطب الدین علی چشتی ، مولانا سید آصف عمری کا ہجری تاریخ کی اہمیت و افادیت ، فضائل و مسائل اور ہجرت کے موضوع پر خصوصی خطاب ہوگا۔ جماعت کے چیرمین محترم ایم اے نعیم ، علما کرام کے خطاب سے قبل جماعت اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات کے اغراض و مقاصد اور شہر و اضلاع میں جاری اصلاحی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔ رسم اجرا کے بعد مساجد ، مدارس ، اسکول ، کالجز اور دینی اداروں کے لیے کیلنڈر مفت تقسیم کیا جائے گا۔

Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں