آسٹریلیا - مسلم وزیر کی حلف برداری پر تنقید - فیس بک پر نفرت آمیز ریمارکس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-07-03

آسٹریلیا - مسلم وزیر کی حلف برداری پر تنقید - فیس بک پر نفرت آمیز ریمارکس

آسٹریلیا میں اولین مسلم وزیر کی حیثیت سے حلف برداری کے چند گھنٹوں بعد ہی فیس بک پر عید ھوزیچ کے خلاف آن لائن نسل پرستانہ ریمارکس کا سیلاب آگیا۔43سالہ بوسنیائی عیدھوزیچ کا قصور صرف اتنا تھا کہ اس نے قرآن پر ہاتھ رکھ کر عہدہ کا حلف لیا تھا۔ عیدھوزچ کو وزیراعظم کیون روڈ کے پارلیمانی سکریٹری کے علاوہ براڈ بینڈ کا پارلیمانی سکریٹری بھی مقرر کیا گیا ہے۔ بوسنیائی تارکین وطن والدین کے فرزند عید ھوزچ کل وفاقی پارلیمنٹ میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف لینے والے اولین وزیر تھے۔ اپنے خلاف آن لائن نسل پرستانہ ریمارکس کے بعد میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسلمان ہونے کے ناطے میں نے سیدھے سادھے طورپر نہایت بے تکلفی سے قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف برداری کا فیصلہ کیا۔ میں بائبل (انجیل) پر ہاتھ رکھ کر حلف نہیں لے سکتا تھا کیونکہ میں اس کی تائید کرنا نہیں چاہتا تھا۔ اس لئے میں نے سیدھا سادہ فصیلہ کیا۔ آسٹریلیائی گورنر جنرل قوئنتن برائس نے تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کثیر ثقافتی حوالہ سے آج کا دن انتہائی اہم اور تاریخی ہے اور یہی اس کی حقیقی تشریح ہے۔ اس خطاب کے نشر ہونے کے باوجود عید ھوزچ کی فیس بک سائٹ پر ان کے خلاف ریمارکس میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف برداری کو غیر آسٹریلیائی اور بے زار کردینے والی حرکت قرار دیا۔ ھوزچ نے سماجی میڈیا پر مذمتی ریمارکس کو جمہوریت کا فطری حصہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ تاریک گوشوں سے آنے والے سخت الفاظ پر ہنگامہ ضروری نہیں۔ ھوزچ نے یہ بھی بتایاکہ وزیراعظم کی جانب سے اعزازقبول کرنے کے ساتھ ہی میں نے اپنے والدین کو فون پر اپنی کامیابی سے آگاہ کیا جو1960 میں بوسنیا سے ترک وطن کرکے آسٹریلیاء آگئے تھے۔ دریں اثنا ھوزچ کے رفیق لیبر رکن پارلیمنٹ راب میشل نے ٹوئٹر سائٹ پر ھوزچ کے خلاف ریمارکس پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ھوزچ کے خلاف ریمارکس ہراسانی کی حرکت ہے جسے قطعی برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ ایسی حرکتیں غیر مستحسن اور نا انصافی کی مترادف ہیں۔ علاوہ ازیں ان سے ہمارے نظریات کی خلاف ورزی بھی ہوتی ہے۔ اپوزیشن قائد ٹونی ایبوٹ نے بتایاکہ وہ ھوزچ کی ویب سائٹ پر ریمارکس سے واقف تو نہیں، تاہم قرآن پر ہاتھ رکھ کر حلف برداری کے فیصلہ کی ستائش اور اس کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ آسٹریلیائی عوام کو بھی اس فیصلہ کا احترام کرنا چاہئے۔ لیبر پارٹی سے رکن پارلیمنٹ نے اپوزیشن لیڈر کے ریمارک کو بہت ہلکا قرار دیا۔ متعدد فیس بک استعمال کنندوں نے مغربی سڈنی سے رکن پارلیمنٹ کا دفاع کرتے ہوئے ھوزچ کو مبارکباد دی۔

Australia Anti-Muslim Storm: Racist Slurs Mar Minister Ed Husic's Historic Swearing-in

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں