مشرف کے خلاف غداری کی تحقیقات کے لیے کمیٹی کی تشکیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-28

مشرف کے خلاف غداری کی تحقیقات کے لیے کمیٹی کی تشکیل

پاکستان نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ ملک کے سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کی جانب سے 2007ء میں ہنگامی حکمرانی مسلط کرنے کے واقعہ کی تحقیقات کی جائیں۔ 69سالہ پرویز مشرف کو اعلیٰ سطحی غداری کے الزامات کا سامنا ہے۔ 1999ء سے 2008ء تک اپنے دور اقتدار میں انہوں نے مبینہ طورپر کئی بار دستور کی خلاف ورزی کی تھی۔ نومبر 2007ء میں ایمرجنسی کا نفاذ کیا تھا اور دستور کو معطل کردیا تھا۔ انہوں نے کئی اعلیٰ سطحی ججس کو ان کے گھروں پر نظر بند کردیا تھا کیونکہ انہوں نے عبوری دستوری حکمنامہ کے تحت حلف برداری سے انکار کردیا تھا۔ وزیر داخلہ پاکستان چودھری نثار علی خان نے قومی اسمبلی میں کہاکہ ایک 4 رکنی کمیٹی مرکزی تحقیقاتی محکمہ کے سینئر عہدیداروں پر مشتمل اس مقدمہ کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی ہے۔ قبل ازیں سپریم کورٹ نے کئی درخواستوں پر جن میں مشرف کے خلاف اعلیٰ سطحی غداری کے سلسلہ میں کارروائی کرنے کی خواہش کی گئی تھی اپنا فیصلہ محفو ظ کردیا۔ فیصلہ کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ اٹارنی جنرل منیر ملک نے سپریم کورٹ کو اطلاع دی کہ تحقیقاتی ٹیم مشرف کے ایمرجنسی میں جاری کردہ احکامات اور معتمد داخلہ کو جاری کردہ ہدایات بھی تحقیقات میں شامل کی جائیں گی۔ اٹارنی جنرل نے کہاکہ تحقیقاتی کمیشن بھی تشکیل دیاجائے گا تاکہ پوری تحقیقات کی نگرانی کرے۔ مقدمہ کی سماعت مکمل کرنے کی مدت بھی مقرر کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں حکومت اپنے عہد کی پابند ہے۔ فی الحال مشرف اپنی قیامگاہ پر نظر بند ہیں اور انہیں کئی الزامات کا سامنا ہے۔ جن میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا قتل اور قوم پرست بلوچ قائد اکبر بگٹی کا 2006ء میں قتل بھی شامل ہیں۔ ان کی قانونی پریشانیوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو کے قتل کی سازش میں شامل کئی ملزمین نے مشرف پر الزامات عائد کئے ہیں۔ اٹارنی جنرل نے کہاکہ اب مشرف اس پورے مقدمہ میں فوج کو بھی شامل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

Four-member committee formed to investigate Musharraf treason charges

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں