مودی اور امیت شاہ عشرت جہاں انکاؤنٹر سے واقف تھے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-06-28

مودی اور امیت شاہ عشرت جہاں انکاؤنٹر سے واقف تھے

ممبرا کی 19 سالہ طالبہ عشرت جہاں کے فرضی انکاونٹر کے عماملے میں سی بی آئی کی تحقیقات کی جو تفصیل سامنے آئی ہے‘ اس میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ جون 2004ء میں ہونے والے اس انکاونٹر کے بارے میں گجرات کے وزیراعلیٰ نریندر مودی اور اُس وقت کے وزیر مملکت برائے داخلہ امیت شاہ کو پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی‘ سی بی آئی نے اسے فرضی انکاونٹر قرار دیا ہے۔ سی بی آئی کی تحقیقات کے بارے میں ایک نیوز چینل نے جائزہ لیا اور اس کے مطابق انٹلی جنس بیورو کے رول کے بارے میں تحقیقات کے دوران اس کے ثبوت ملے ہیں۔ خصوصی طورپر احمد آباد میں آئی بی کے سابق جوائنٹ ڈائرکٹر راجندر کمار کا رول مشتبہ ہے کہ انہوں نے غلط ان پٹ جاری کیا اور اس کے نتیجے میں انکاونٹر پیش آیا۔ سی بی آئی کی اسٹیٹس رپورٹ کے جائزہ سے پتہ چلتا ہے کہ اس انکاونٹر کی سازش تینوں راجندر کمار اور ڈی جی ونجارا اور پی پی پانڈے نے تیار کی تھی۔ ونجارا اور پانڈے دونوں گجرات کرائم برانچ سے وابستہ تھے اور 2روز قبل 13 جون 2004ء کو انہوں نے عشرت جہاں انکانوٹر معاملہ پر تبادلہ خیال کیاتھا۔ ذرائع کے مطابق سی بی آئی عشرت جہاں انکاونٹر معاملے میں انٹلی جنس افسر کو گرفتار کرسکتی ہے۔ سی بی آئی کا الزام ہے کہ ونجارا اور پانڈے نے راجندر کمار سے دریافت کیا تھا کہ وہ عشرت جہاں اور دیگر3 نوجوانوں کو کیا کریں جو کہ ان کی حراست میں تھے۔ سی بی آئی نے اس وقت موجود افراد سے تفتیش کے بعد یہ الزام عائد کیا ہے۔ جنہوں نے ان تینوں کی گفتگو سنی تھی۔ 14؍جون کو ونجارا نے ایک معاون سے مبینہ طورپہر کہا تھا کہ ’’سفید اور کالی داڑھی سے اجازت ملی گئی ہے۔ اس لئے ہمیں اپنا کام نمٹا دینا چاہئے۔ سی بی آئی ذرائع نے کہاکہ گجرات پولیس میں نریندر مودی اور امیت شاہ کیلئے بالترتیب یہ خفیہ الفاظ استعمال کئے جاتے تھے۔ سی بی آئی نے جو کالز ریکارڈ کی جانچ کی ہے ان میں الزام لگایا گیا ہے کہ ونجارا نے دونوں سیاستدانوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔ عشرت جہاں کے انکاونٹر سے 14گھنٹے قبل ونجارا نے رات 2بجکر 49 منٹ پر مودی کی رہائش گاہ پر ٹیلی فون کیا تھا۔ سی بِی آئی نے الزام لگایا ہے کہ کالز ڈاٹا ریکارڈکے مطابق ونجارا نے امیت شاہ سے رات 10بجکر 57منٹ پر بات چیت کی اوراس کے 5گھنٹے بعد 15جون 2004ء کو انکاونٹر پیش آیا تھا۔ امیت شاہ اور ونجارا نے انکاونٹر کے بعد مبینہ طورپر صبح 6بجکر 07منٹ اور 7 بجکر 09منٹ پر گفتگو کی تھی۔ آئندہ ہفتے 2جولائی کو سی بی آئی کی جو چارج شیٹ پیش کی جائے گی‘ اس میں یہ تفصیل موجودگی ہوگی۔ واضح رہے کہ عشرت جہاں فرضی انکاونٹر میں 10پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں ونجارا جیل میں ہیں۔ بی جے پی نے اسے سیاسی رگن دے کر مسترد کردیاہے لیکن سی بی آئی کا دعوی ہے کہ متوسط اور نچلے سطح کے 22 پولیس اہلکاروں کے بیانات درج کرنے کے بعد یہ تفصیلات جمع کی گئی ہیں جو کہ انکاونٹر کی منصوبہ اور سازش کی تیاری کے وقت موجود تھے۔

Modi, Amit Shah knew about Ishrat encounter

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں