صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت مولانا سلیمان سکندر کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-11

صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت مولانا سلیمان سکندر کا انتقال

یہ خبر بڑے افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ دکن کے نامور اور شعلہ بیان مقرر مولانا سلیمان سکندر نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت ولد جناب عثمان مرحوم ،کا طویل علالت کے بعد آج صبح کی اولین ساعتوں میں اپولو ہاسپٹل میں جوبلی ہلز میں انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 84 سال تھی ۔ مولانا تقریباً دو ماہ سے علیل تھے ۔ نماز جنازہ بعد نماز عصر مسجد درگاہ حضرت احمد بادپا رح احمد نگر(فرسٹ لانسرز) میں ادا کی گئی جس کی امامت ، مرحوم کے فرزند اکبر جناب جاوید سکندر(امریکہ) نے کی ۔ مولانا مفتی محمد خلیل احمد شیخ الجامعہ نظامیہ اور جناب شیخ علاؤ الدین البکری(امریکہ) نے دعا کی ۔ تدفین قبرستان متصل درگاہ حضرت احمد بادپارح احمد نگر میں عمل میں آئی ۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ (4) فرزندان مسرز جاوید سکندر ، مجاہد سکندر، ماجد سکندر(دبئی) ساجد سکندر اور 9 دختران شامل ہیں ۔ مولانا سلیمان سکندر کو مولانا حمید الدین عاقل حسامی کی رحلت کے بعد مسلم یونائٹیڈ فورم کا متفقہ طور پر صدر نشین منتخب کیا گیا تھا ۔ مولانا آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے تاسیسی رکن تھے ۔ آندھرا پردیش کے علاوہ ہندوستان اور بیرونی ممالک میں منعقدہ اجتماعات اور عام جلسوں میں اپنی ولولہ انگیز تقاریر کے ذریعہ مولانا سلیمان سکندر نے ملت اسلامیہ کے دلوں میں حرارت پیدا کی ۔ خاص طور پر سقوط حیدرآباد (پولیس ایکشن) کے بعد مسلمانان سکندر کے خطابات کا اہم حصہ رہا ہے ۔ صدر وبانی مجلس تعمیر ملت مولوی سید خلیل اللہ حسینی کی تحریک پر مولانا نے تعمیر ملت میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ وہ خلیل صاحب مرحوم اور غوث خاموشی مرحوم کی قریبی ساتھی تھے ۔ مولوی خلیل اللہ حسینی کی تحریک پر مولانا نے اپنی سرکاری ملازمت ترک کردی تھی ۔ نمازجنازہ اور تدفین کے موقع پر علماء کرام مشائخین عظام ، عمائدین ، مذہبی سیاسی و سماجی تنظیموں کے قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

Moulana Suleman Sikandar passes away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں