عوام کے جذبہ جانثاری کا احسان مند - اکبر اویسی کا بیان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2013-02-19

عوام کے جذبہ جانثاری کا احسان مند - اکبر اویسی کا بیان

جناب اکبر الدین اویسی قائد مجلس لیجسلیچر پارٹی نے عادل آباد جیل سے اپنی رہائی کے بعد حسب ذیل بیان جاری کیا ہے ۔

"عادل آباد میں میری محروسی کے دوران جیل میں مجھ سے ملاقات کرنے والے میرے قریبی رشتہ دار، میری پارٹی کے قائدین، میرے دوست احباب نے مجھے بتایا کہ دنیا میں جہاں بلا لحاظ مذہب و ملت انصاف پسند افراد میری گرفتاری کے خلاف آواز بلند کر رہے ہیں وہیں مساجد، گھروں اور آیت کریمہ کی مجالس اوردرود شریف کی محافل میں مسلمان بالخصوص خواتین اور نوجوان میری صحت اور قید سے رہائی کیلئے اﷲ تعالیٰ کے حضور میں رقت انگیز دعائیں کر رہے ہیں ۔
جیل میں مجھ تک پہنچنے والی اطلاعات نہ صرف میرے عزم و حوصلہ کو مزید استحکام بخش رہی تھیں بلکہ میری زندگی کا اعتماد اور اعتبار اور بھی مضبوط ہو رہا تھا۔ جب بھی میرے چاہنے والوں کی میرے لئے اضطرات اور بے چینی کی خبریں مجھ تک پہنچتیں قید تنہائی میں میری آنکھوں سے بے ساختہ آنسو چھلک جاتے اور میرے دل سے یہ دعا نکلتی ہے :
'اے اﷲ انہیں ہر مصیبت سے محفوظ رکھ۔ اﷲ انہیں حوصلہ اور ہمت سے نوازے'

مجھے یہ جان کر بھی صدمہ ہوا کہ میری محبت میں آنے والے نوجوانوں پر ڈنڈے بھی برسائے گئے لیکن انہوں نے اُف تک نہیں کیا۔ اس جانثاری کے جذبے کا میں احسان ادا نہیں کر سکتا۔
خود میں نے اپنی محروسی کے دوران عدالتوں میں حاضری کے لئے عادل آباد سے کبھی نرمل، کبھی نظام آباد اور کبھی سنگیارڈی سفر کے موقع پر اور پھر میری رہائی کے بعد بھی عادل آباد سے حیدرآباد تک جگہ جگہ اپنے چاہنے والوں کے جوش و خروش کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور میری آنکھیں بھر آئیں ۔ بے ساختہ ان کے لئے دل سے دعائیں نکلیں ۔
میری پارٹی مجلس اتحاد المسلمین کے شہر اور اضلاع کے قائدین اور رفقاء نے 8/جنوری کو گرفتاری کے دن سے 16/فروری 2013ء کو میری رہائی کے دن تک بالخصوص شخصی طورپر میرے لئے جس والہانہ محبت کا مظاہرہ کیا اور قربانیاں دی ہیں، یہ میری زندگی کے ایسے لمحات ہیں جنہیں شائد ہی میں فراموش کر سکوں ۔
میرے پاس بلا لحاظ مذہب و ملت تمام لوگوں بالخصوص مسلمانوں اور پارٹی رفقاء کے علاوہ ان وکلاء کی محنت اور کوششوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے بھی الفاظ نہیں ہیں جنہوں نے میرے لئے ہر قسم کی زحمت گوارا کی۔ میں ان تمام شخصیتوں کا بھی شکرگذار ہوں جنہوں نے مجھ سے ملاقات کیلئے شہر اور اضلاع سے طویل سفر کی صعوبتیں برداشت کرتے ہوئے جیل میں مجھ سے ملاقات کی اور میری تنہائی میں یہ احساس دلایا کہ قید خانے کی چار دیواری میں ، میں تنہا نہیں ہوں ۔

آج مجھے وہ دن بھی یاد آ رہے ہیں جب مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا تب بھی بلا لحاظ مذہب و ملت ہزا رہا افراد بالخصوص میری ماؤں اور بہنوں نے اﷲ تعالیٰ سے میرے لئے نئی حیات مانگی اور اﷲ تعالیٰ نے ان دعاؤں کو شرف قبولیت عطا کی اور مجھے نئی زندگی ملی یہ اﷲ تعالیٰ کا مچھ پر احسان عظیم ہے ۔
اس موقع پر بطور خاص صدر مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسد الدین اویسی کا جو میرے عزیز بھائی بھی ہیں اور جنہوں نے میری گرفتاری کے بعد پیش آنے والے حالات کا جس صبر و تحمل کے ساتھ سامنا کیا میں شخصی طورپر ان کا شکریہ ادا کرنا اپنا فرض سمجھتا ہوں ۔ میں اپنے رشتہ داروں اور بعض دوستوں کا کس طرح شکریہ ادا کروں جسے میں خود اپنا شکریہ ادا کرنے کے مترادف تصور کرتا ہوں "۔

Akbar Owaisi thanks well wishers and fans

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں